اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کے خلاف توہین عدالت اور سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید برطرفی کیس میں فریقین کے وکلاء کو تحریری دلائل عدالت میں جمع کروانے کے احکامات جاری،کیس کی آئندہ سماعیت28 نومبر تک ملتوی

جمعرات 20 نومبر 2014 23:34

اسلام ا ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کے خلاف توہین عدالت کیس اور سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید برطرفی کیس میں فریقین کے وکلاء کو تحریری دلائل عدالت میں جمع کروانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعیت28 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کے خلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت ہوئی ۔اسلام آباد ہائیک ورٹ کے جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی جبکہ عدالت میں سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید برطرفی کیس کی سماعت بھی جسٹس نور الحق این قریشی نے کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار پیمر اکے پرائیویٹ ممبر اسرار احمد کے وکیل ملک طاہر،سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید کے وکیل وسیم سجاد،وفاق کی جانب سے بیرسٹر محمود اے شیخ اور پیمرا کے وکیل احمد حسن رانا عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران فاضل جج جسٹس نور الحق این قریشی نے دونوں فریقین کے وکلاء کو احکامات جاری کئے کہ آئندہ سماعت پر وکلاء تحریری دلائل عدالت میں جمع کرائیں اور آئندہ سماعت پر عدالت پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور توہین عدالت کیس اور سابق چیئرمین چوہدری محمد رشید بحالی کیس کا فیصلہ سنائے گی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور کے خلاف عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور ناجائز اختیارات استعمال کرنے پر پیمرا کے پرائیویٹ ممبر اسرار احمد عباسی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے جبکہ ایک درخواست گزار سہیل بھٹی نے قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور کی تقرری کو بھی عدالت عالیہ میں چیلنج کیا ہوا ہے ۔

عدالت میں سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید برطرفی کیس بھی زیر سماعت ہے ۔گزشتہ سماعتوں پر سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید کے وکیل وسیم سجاد نے عدالت عالیہ میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری محمد رشید کو غیر قانونی طور پر عہدہ سے برطرف کیا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ سابق چیئرمین پیمرا چوہدری محمد رشید کو عہدہ پر بحال کیا جائے ۔