اسرائیلی ناراضگی اپنی جگہ ،آزادفلسطینی ریاست کی حمایت پر فخرہے،سویڈش ملکہ ،شامی پناہ گزین بچے عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری،سویڈن تمام عقائد کے پیروکاروں کا احترام کرتاہے،انٹرویو

جمعرات 20 نومبر 2014 22:40

اسرائیلی ناراضگی اپنی جگہ ،آزادفلسطینی ریاست کی حمایت پر فخرہے،سویڈش ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء) سویڈن کی ملکہ عالیہ سیلفیا نے شام میں جاری خانہ جنگی سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد بالخصوص بچوں کی بہبود پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گزین شامی بچوں کی دیکھ بحال عالمی برادری کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ سویڈش حکومت بھی جنگ سے متاثرہ بچوں کی بہبود کے لیے حتی الامکان معاونت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

عرب ٹی وی کو انٹرویومیں سویڈن کی ملکہ سیلفیا نے بتایا کہ پچھلے چند برسوں کے دوران بہبود اطفال فورم کی سرگرمیاں اسٹاک ہوم تک ہی محدود رہی ہیں لیکن اب انہیں دوسرے ملکوں سے بھی اس کی میزبانی کے لیے دعوتیں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف کاغذی کارروائی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں بچوں کے حقوق کے لیے ہرملک میں کام دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سویڈن کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے میں یورپی ممالک میں سبقت پر اسرائیلی ناراضی اپنی جگہ مگر سویڈش ملکہ فلسطینی ریاست کی حمایت پر فخر کا اظہار کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سویڈن کے عرب ممالک کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات ہیں مگر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا معاملہ عرب دوستی کا نہیں بلکہ انسان دوستی کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن تمام مذاہب، ثقافتوں اور مختلف عقاید کے پیروکاروں کا احترام کرتا ہے۔ ہمارے ہاں یہودیوں کے معابد، عیسائیوں کے چرچ اور مسلمانوں کی مساجد ہیں جنہیں یکساں احترام دیا جاتا ہے۔ ہمارے ملک میں بڑی تعداد میں عرب اور مسلمان باشندے آباد ہیں۔