بٹ ایک عظیم قوم ہے اب گلوبٹ نہیں ”گلو نواز“ ،”گلو شہبازشریف “کا نعرہ لگے گا‘تحریک انصاف پنجاب

منگل 18 نومبر 2014 22:38

بٹ ایک عظیم قوم ہے اب گلوبٹ نہیں ”گلو نواز“ ،”گلو شہبازشریف “کا نعرہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 18نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کی حکومت اور پولیس نے عوام دشمنی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، بہاولنگر کے علاقے مروٹ چک نمبر 341,337 میں عوام پر ظلم و بربریت کی مثال ماضی قریب میں کہیں بھی نہیں ملتی ،موجودہ حکمرانوں کے ایماء پر پنجاب پولیس کے تین ہزاراہلکاروں اور ضلع کے تمام ایس ایچ اونے بجلی کے بلوں میں ناجائز اضافے کو مسترد کرنے والے عوام کے گھروں کو مسمار کردیا گیا، دس ٹریکٹر اور بیس موٹر سائیکلوں کو جلا دیا گیا ، سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ، وہاں کی عوام کا صرف اتنا قصور ہے کہ بجلی کے اووربلوں کو دینے سے انکار کیا ،تحریک انصاف پولیس کی ریاستی غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پنجاب سیکرٹریٹ میں جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد ، مینارٹی ونگ پنجاب کی صدر و ایم پی اے شنیلہ روت ، مذہبی امور پنجاب کے صدر مفتی عبدالقوی، سید وسیم الحسن شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ پولیس گردی کے ذریعے مظلوم عوام پر حکومتی مشینری کے ذریعے ظلم کی انتہاء کر دی گئی ،(ن) لیگ کی منافقت بے نقاب ہو گئی ، پیپلزپارٹی کے دور میں خود شہبازشریف بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف خود مظاہرے آرگنائز کرواتا تھا ،آج ان کے سیاہ دورِاقتدار میں کسانوں کا جینا دشوار ہوگیا ہے، تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ سانحہ مروٹ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ، میں مروٹ کے سانحے کا براہ راست ذمہ دار شہبازشریف کو ٹھہراتا ہوں، خدارا مروٹ کے متاثرین پر یہ ظلم بند کیا جائے، صوبہ بھر میں کسان (ن) لیگ کے دورِحکومت میں رُل گیا ہے اس کی کہیں بھی شنوائی نہیں، گیارہ کروڑپاکستانی خطہ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 30نومبر کی تیاریوں کے حوالے سے آج ( بدھ ) چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے تمام سٹیک ہولڈرز، ٹکٹ ہولڈرز، ایم این اے ، ایم پی ایز سمیت پنجاب کے عہدیدارو ں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کیا ہے جس میں وہ 30نومبر کے حوالے سے لائحہ عمل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گلواور بٹ کو علیحدہ کردیا ہے ، بٹ ایک عظیم قوم ہے اب گلوبٹ نہیں گلو نوازاورشہبازشریف کا نعرہ لگے گا، تحریک انصاف پسے ہوئے افراد کے حقوق کی جنگ لڑر ہی ہے ، پاکستان کے باشعور طبقات جاگ گئے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں پاکستانی عوام کو ظلم کرنے والوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات ملے گی، موجودہ نااہل دھاندلی زدہ حکمرانوں کے دورِاقتدار میں ظلم و بربریت ، دہشت گردی کے اس قدر ہولناک واقعات رونماء ہوئے ہیں کہ پاکستان میں بسنے والا ہر شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھ رہا ہے ، حکومتی ادارے ان دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہیں ، پولیس خود ریاستی دہشت گردی کررہی ہے ،پاکستان میں چند نام نہاد اسلام کے ٹھیکیدار اپنی گفتگو اور تقریروں کے ذریعے سادہ لُومسلمانوں میں انتشار پیدا کرتے ہیں اس کے باعث ہرروز کوئی کوئی غیرانسانی واقعہ رونماء ہو جاتا ہے جس کی تازہ مثال کوٹ راھاکشن میں دو پاکستانی مسیحی جوڑے پر غیر اسلامی اور انسانی ظلم کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پنجاب نے آج مذہبی اور اقلیتی ونگ کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا تھا ، جس میں اہم فیصلے کئے گئے تھے، پاکستان تحریک انصاف نے سانحہ کوٹ رادھا کشن کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس طرح کے سانحات کو روکنے کے لئے تحریک انصاف نے مذہبی اور اقلیتی نمائندوں پر مشتمل جرگہ تشکیل دینے کا اعلان کیا ،اس جرگے کے چاروں کے مذہبی اور اقلیتی صدور معزز رکن ہوں گے اور پاکستان میں بسنے والے ہندو، مسیحی ، سکھ اور دیگر اقلیتی نمائندگان سمیت مختلف مذاہب کے قائدین اور علماء کو اس جرگے کے معزز رکن بنایا جائے گا۔

پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عبدالقوی نے کہاکہ جرگہ ان کے لواحقین سے رابطہ کرے گا اور جن اضلاع میں خوفناک سانحات پیش آئے ہیں تحریک انصاف کا لائرز فورم ان کی قانونی معاونت کرے گاتاکہ پاکستان کے قانون کے مطابق ظالموں کو منتقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔مفتی عبدالقوی نے اپیل کی کہ جہاں بھی پاکستان کے عوام دین ، مسلک اور اتفاق رائے کی بنیاد پر ظلم دیکھیں فوراً طور پر پی ٹی آئی کے تشکیل کردہ جرگے سے پنجاب سیکرٹریٹ میں رابطہ کرے تاکہ ظلم کے آغاز سے ہی اس کو روکا جا سکے تاکہ خوفناک سانحات سے بچا جا سکے ، جرگہ مظلوم افراد اور یتیم بچوں کی معاشی کفالت اور تعلیمی سرپرستی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے گا ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ زعیم قادری کو عمران خان پر الزام لگانے سے پہلے ڈوب مرنا چاہئے ، (ن) لیگ کے دہشت گردوں سے اچھے رابطے ہیں ،عمران خان امن پسند لیڈر ہے ، تحریک انصاف کی سیاست ایک کھلی کتاب کی طرح ہے ، پی ٹی آئی کی تحریک پہلے دن سے پُرامن ہے اور پُرامن رہے گی، اس تحریک کا ہر آنے والا دن ہماری کامیابی اور حکومت کے زوال کا دن ہوگا، عمران خان نے اٹھارہ سال سے جدوجہد کی ہے ، جرنیلوں کی نرسریوں میں پلنے والی (ن) لیگ کی قیادت اور ان کے درباری عمران خان پر تنقید کرنے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔

اس موقع پر شنیلاروت نے کہا کہ میں اس جرگے کا خیر مقدم کرتی ہوں ، پی ٹی آئی نے اچھا اور مثبت قدم اٹھایا ہے جوکہ اس سے پہلے کوئی اور جماعت نہیں کر سکی،کوٹ راھا کشن جیسے واقعات کو روکنے کے لئے ہم سب کو مل جل کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، اس موقع پر شبیرسیال ، عالیہ حمزہ ملک ، سیٹھ فقیر حسین ، ثمر ناظر، اعجازعالم ، ریحانہ اصغر، بوبی متی سمیت دیگر عہدیداران موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :