ایسے شدت پسندوں کو کیوں نشانہ بنائیں جو پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ نہیں  سرتاج عزیز

پیر 17 نومبر 2014 21:42

ایسے شدت پسندوں کو کیوں نشانہ بنائیں جو پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر 2014ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان ان شدت پسندوں کو کیوں نشانہ بنائے جو پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ نہیں ہیں امریکہ کے دشمن خوامخواہ ہمارے دشمن ہوگئے  امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہیں امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی کمی نہیں آپریشن سے قبل جو بھاگ گئے وہ بھاگ گئے  رہنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے افغان طالبان افغانستان کا مسئلہ ہیں اور حقانی نیٹ ورک انہی کا حصہ ہیں افغان صدر کے دورہ پاکستان کے دور ان فضل اللہ کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔

”بی بی سی “سے چیت بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہاکہ جو امریکہ کے دشمن ہیں وہ خوامخواہ ہمارے دشمن ہو گئے؟بری فوج کے سربراہ راحیل شریف کے امریکی دورے کے پس منظر میں دئیے گئے انٹرویو میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے کہا کہ جب امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا تو وہ تمام لوگ جن کو ہم نے ملکر مسلح کیا اور تربیت دی تھی، انھیں ہماری طرف دھکیل دیا گیا ان میں سے کچھ ہمارے لیے خطرہ ہیں اور کچھ نہیں ہیں تو ہم سب کو کیوں دشمن بنائیں؟تاہم امریکہ اس سلسلے میں پاکستان کے عزم پر سوالیہ نشان اٹھاتا رہا ہے جبکہ پاکستان کا موقف ہے کہ اس سال جون میں شروع ہوئے شمالی وزیرستان میں ہونے والے آپریشن ضربِ عضب کسی گروہ کے درمیان تفریق نہیں کر رہا۔

سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستانی سرزمین سے امریکہ کے خلاف حملے کرنے والے شدت پسند گروہوں کی کارروائیاں روکنے کے لیے پاکستان نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے اور ان کی صلاحیت اور انفرا سٹرکچر کو ختم کر دیا ہے۔ جہاں تک ان تنظیموں اور گروہوں کی قیادت کی بات ہے، اس کے بارے میں سرتاج عزیز نے کہاکہ کہ آپریشن سے قبل جو بھاگ گئے، وہ بھاگ گئے۔ جو رہ گئے ان سب کے خلاف کارروائی کی ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان طالبان افغانستان کا مسئلہ ہیں اور حقانی نیٹ ورک انہی کا حصہ ہیں۔ افغان حکومت کا کام ہے کہ وہ ان سے مذاکرات کرے۔ ہم اپنی طرف سے افغان طالبان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے تاہم جو نوے کی دہائی کے تعلقات تھے وہ اب نہیں ہیں سرتاج عزیز کے مطابق امریکہ اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی کمی نہیں ’گذشتہ سال امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری پاکستان آئے، پھر وزیرِ اعظم نواز شریف نے صدر براک اوباما سے امریکہ میں ملاقات کی اور پھر جنوری میں سٹرٹیجک ڈائیلاگ کو بحال کیا جو 2010 سے تعطل کا شکار تھا۔

جنرل راحیل شریف کا دورہ اس حوالے سے اہم ہے کیونکہ عسکری قیادت کی اب تک اس سطح پر سرکاری ملاقاتیں نہیں ہوئی تھیں۔سرتاج عزیز نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کے پہلے دورے کے موقع پر اصولی فیصلہ ہوگیا ہے کہ دہشت گردی کے لیے نہ پاکستان اپنی سرزمین استعمال ہونے دے گا اور نہ ہی افغانستان۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں تحریکِ طالبان پاکستان کے سربراہ مولانا فضل اللہ کی موجودگی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی تا ہم اس میں کتنا وقت لگتا ہے اور وہ کتنے کامیاب ہوتے ہیں، یہ دیکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :