Live Updates

عمران خان اور طاہرالقادری کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں‘ وارنٹ گرفتاری پولیس نے نہیں عدالت نے جاری کئے ،چوہدری نثار

ہفتہ 15 نومبر 2014 22:44

عمران خان اور طاہرالقادری کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں‘ وارنٹ گرفتاری ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15نومبر 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ 30 نومبر کیلئے حکومت نے بھرپور سکیورٹی کا منصوبہ بنالیا ہے‘ 30 نومبر اور عمران خان کی دھمکی‘ دیکھیں گے کون رہتا ہے‘ عمران خان اور طاہرالقادری کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں‘ وارنٹ گرفتاری پولیس نے نہیں عدالت نے جاری کئے ہیں‘ جوڈیشل کمیشن میں خفیہ ایجنسیوں کی نمائندگی آئینی طور پر ممکن نہیں،تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کا حتمی فیصلہ اب وزیراعظم کریں گے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی 30 نومبر کی احتجاج کی کال پر بھرپور سکیورٹی کا منصوبہ بنالیا ہے۔

(جاری ہے)

30 نومبر کو سپریم کورٹ‘ پارلیمنٹ‘ وزیراعظم ہاؤس‘ پی ٹی وی اور ایوان صدر سمیت دیگر حساس عمارتوں پر فوج تعینات رہے گی۔ حکومت کا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری کو گرفتار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

وارنٹ گرفتاری پولیس نے نہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جاری کئے۔ جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات قطعی طور پر واپس نہیں لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کسی کمزوری کے تحت نہیں کریں گے۔ تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کا حتمی فیصلہ اب وزیراعظم کریں گے۔ 14 اگست کو تحریک انصاف کی طاقت سب نے دیکھ لی اب دیکھتے ہیں کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے بغیر کتنے لوگ آتے ہیں۔

30 نومبر کو عمران خان کی دھمکی دیکھتے ہیں کون رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خود آزاد عدلیہ کی بات کرتی ہے لیکن جوڈیشل کمیشن میں خفیہ ایجنسیوں کی نمائندگی غیر آئینی ہے۔ امید ہے کہ جوڈیشل کمیشن میں پی ٹی آئی خفیہ ایجنسیوں کی شرط کو رکاوٹ نہیں بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کو کچھ معاشی مسائل درپیش تھے یا وہ ناراض ہوکر چلے گئے۔ انہوں نے اندازہ لگالیا تھا کہ دھرنے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات