کرپٹ نظام نے پاکستان کو سیاسی، معاشی، اخلاقی اعتبار سے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، طاہر القادری

بدھ 12 نومبر 2014 23:17

کرپٹ نظام نے پاکستان کو سیاسی، معاشی، اخلاقی اعتبار سے ناقابل تلافی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12نومبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کوئی ساکھ نہیں ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مانگی گئی امداد حکومت کو براہ راست دینے سے انکار کر دیا ہے جو اس کرپٹ نظام اور حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، ہماری جنگ اس لوٹ کھسوٹ کے نظام کے خلاف ہے اسے ختم کر کے دم لیں گے اور پاکستان کو اس کاکھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے وہ گزشتہ روز ٹیکساس میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ایماندار قیادت کے فقدان کی وجہ سے ہر ادارہ تباہ ہوچکاہے ،سالانہ4ہزار ارب روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں، کوئی کسی کو پوچھنے والا نہیں ہے، کرپشن کا یہ عالم ہے کہ قدرتی آفات کی صورت میں بھی دنیا امداد دینے سے پہلے سو بار سوچتی ہے، ہماری اطلاع کے مطابق ورلڈ بینک نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے امداد دینے کا کوئی فیصلہ ہوا تو امداد حکومت کو براہ راست نہیں دی جائیگی، امداد کی وصولی اور تقسیم کی نگرانی ورلڈ بینک کرے گا اور ورلڈ بینک امداد کے نام پر ملنے والے ہر 100ڈالر میں سے 8 ڈالر اخراجات کی مد میں کاٹ لے گا، انہوں نے کہا کہ اس سے بڑھ کر قوم کی توہین اور کیا ہو سکتی ہے کہ کسی کو ہمارے حکمرانوں اور اداروں پر اعتبار نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ نے آئی ڈی پیز کی بحالی اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تخمینہ کی جو رپورٹ مرتب کی ہے اسے بھی عالمی ڈونر ایجنسیوں نے من و عن درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ نظام نے پاکستان کو سیاسی، معاشی، سماجی اور اخلاقی اعتبار سے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،قوم نے اب اس نظام کو مزید برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیاہے، پاکستان عوامی تحریک ہر پاکستانی سے وعدہ کرتی ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کے اس نظام کو ختم کر کے دم لینگے، قانون کی نظر میں کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہو گا جرم کرنے والا کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو گا کوئی اسے سزا سے نہیں بچا سکے گا۔