پیپلز پارٹی پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹریزسے میٹنگ بڑی سود مند رہی ہے، پارٹی لاہور میں یوم تاسیس کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرے گی، منظو ر وٹو

بدھ 12 نومبر 2014 23:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12نومبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پنجاب بھر کے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، پی ایس ایف،لیبر، کسان ، علماء، اقلیتوں ، ہیومن رائٹس، سوشل میڈیا کلچرل ونگز کے صدور، سیکرٹری جنرل اور انفارمیشن سیکرٹریوں کے مشترکہ اجلاس کی صدرات کی جس میں پیپلز پارٹی کے آل پاکستان یوم تاسیس جو کہ30 نومبر کو لا ہور میں ہو گا، کے ضمن میں سفارشات مرتب کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سفارشات چےئرمین بلاول بھٹو کو بھیجی جائیں گی جسکے بعد انکے پروگرام کو حتمی شکل دی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انکا پروگرام آئندہ دو سے تین روز میں فائنل ہو جائے گا۔اجلاس کے بعد میاں منظور احمد وٹو نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب لاہور میں یوم تاسیس کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام عہدیداران اور کارکنان اس حوالے سے پر عزم ہیں۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ اس یوم تاسیس پر سارے پاکستان سے وفود آئیں گے جس میں صوبہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیونکہ یوم تاسیس لاہور میں ہو رہا ہے اس لیے پیپلز پارٹی پنجاب اسکی میزبان ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ انکی پیپلز پارٹی پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹریوں سے میٹنگ بڑی سود مند رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب کا میڈیا اور سوشل میڈیا ضلعی انفارمیشن سیکرٹریوں سے بہتر رابطے قائم کریں گے اور جو بھی خبر یہاں سے جاری ہو گی وہ فورًا انفارمیشن سیکرٹریوں کو لوکل اخبارات میں چھپنے کے لیے بھیج دی جائے گی تا کہ پیپلز پارٹی کا پیغام عوام تک ہر سطح پر پہنچے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ جہانگیر بدر ایک تجربہ کار اور مخلص کارکن ہیں اور وہ بحیثیت چیف کوآرڈینیٹر کے یوم تاسیس پر اپنا بھرپور تعاون پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ”اوور اینڈ ابو“کوئی مسئلہ نہیں جو بعض لوگ اس کو مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ چےئرمین بلاول بھٹو لاہور میں کم از کم 3 دن قیام کریں گے جسکے دوران وہ یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کے دوران پارٹی عہدیداروں سے پنجاب میں پارٹی کو فعال بنانے کے لیے انکے خیالات سے آگاہی حاصل کریں گے۔ پریس کانفرنس میں تنویر اشرف کائرہ، خرم جہانگیر وٹو (ایم پی اے)، منظور مانیکا، سہیل ملک، افنان بٹ، ڈاکٹر خیام، علامہ یوسف اعوان، نواب شیر وسیر، خالد بخاری، احسان الحق وغیرہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :