جسٹس بھگوان داس کے بعد سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے بھی الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کرلی

پیر 10 نومبر 2014 21:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10نومبر 2014ء) جسٹس ریٹائرڈ بھگوان داس کے بعد سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے بھی الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کرلی ۔ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر کیلئے سابق چیف جسٹس تصدیق حسین جیلانی کے نام پر اتفاق ہوا جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے سابق چیف جسٹس سے رابطہ کیا گیا تاہم جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی نے چیف الیکشن کمشنر سے بننے سے معذرت کرلی نجی ٹی وی کے مطابق سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہاکہ الیکشن کمشنر کا عہدہ اس طرح مکمل طور پر بااختیار نہیں جس طرح بھارت میں ہے ۔

ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے ایسی شخصیت کی تعیناتی ضروری ہے جس پر تمام جماعتوں کا اتفاق رائے ہو انہوں نے کہاکہ ایک پارٹی کہے کہ وہ ہمیں منظور ہیں اور دوسری تحفظات کا اظہار کرے اس قسم کے حالا ت میں وہ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ نہیں سنبھال سکتے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے گزشتہ روز رحیم یار خان میں جلسے کے دور ان سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ چیف الیکشن کمشنر نہ بنیں تاہم عمران خان کی تقریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا تھا کہ عمران خان کی ڈکٹیشن قبول نہیں کرینگے ۔