امیر کویت کا پڑوسی خلیجی ریاستوں کا مختصر دورہ دورے کا مقصد ’جی سی سی‘ سمٹ کے لیے ماحول سازگار بنانا ہے

ہفتہ 8 نومبر 2014 23:06

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء)کویت کے امیر الشیخ صباح الاحمد الصباح نے پڑوسی خلیجی ریاستوں قطر، متحدہ عرب امارات اور بحرین کا مختصر دورہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد نو دسمبر کو دوحہ میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس کے لیے تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق امیر کویت نے دوسری خلیجی ریاستوں کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب چھ خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ سطح کا اجلاس بھی پیش آئند ایام میں طلب کیا گیا ہے۔

وزرائے خارجہ اجلاس کا مقصد نو دسمبر کو ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔اپنے مختصر دورے کے دوران امیر کویت سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی پہنچے، جہاں انہوں نے ولی عہد الشیخ محمد بن راشد سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں دونوں رہ نماؤں نے خلیج تعاون کونسل میں شامل ممالک کے درمیان مفاہمت اور اتحاد کا عمل آگے بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ابوظہبی سے امیر کویت قطر روانہ ہوئے جہاں انہوں نے دوحہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امیر کویت الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے مختصر ملاقات کی۔ خبر رساں ایجنسی ”اے ایف پی“ کے مطابق دونوں رہ نماؤں میں خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور انہوں نے مشترکہ مفادات کو لے کر آگے چلنے پر اتفاق کیا۔تیسرے مرحلے میں امیر کویت بحرین کے ایک فوجی اڈے پر پہنچے جہاں بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

خیال رہے کہ خلیجی مملکوں بالخصوص قطر کے سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع ہونے کے بعد کویت نے ثالثی کی مساعی تیز کر دی تھیں۔گذشتہ اگست میں کویتی وزیر خارجہ صباح الخالد الصباح نے کہا تھا کہ ان کا ملک قطر اور دوسرے خلیجی ملکوں کے درمیان رنجشیں ختم کرنے کے مفاہمتی عمل جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قطر سے واپس بلائے گیے خلیجی سفیروں کی دوبارہ تعینات کے لیے کوششیں کررہا ہے۔ اس سلسلے میں امیر کویت جلد دوسرے خلیجی ملکوں کا دورہ بھی کریں گے۔