بلدیاتی الیکشن کیلئے مکمل تیارہیں،الیکشن کمیشن اپنی کمزور ی حکومت پر نہ ڈالے،پرویزخٹک

ہفتہ 8 نومبر 2014 22:18

بلدیاتی الیکشن کیلئے مکمل تیارہیں،الیکشن کمیشن اپنی کمزور ی حکومت ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوپرویزخٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تیارہے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اپنی عدم تیاریوں کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت پر نہ ڈالے ۔ ہفتے کے روز یہاں سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے صوبائی اسمبلی سے تمام تر ضروری قوانین سازی کے علاوہ صوبے میں انتخابی حدبندیاں اور دیگر لاوازمات سب سے پہلے کر چکی ہے۔

اور صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنی تیاریوں کے بارے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے اب یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں مناسب اقدامات اُٹھائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں اپنے حصے کے تمام تر ضروری اقدامات اور لاوازمات مکمل کرکے الیکشن کمیشن کو صوبے کی مخصوص موسمی حالات کے پیش نظر صوبے میں بلدیاتی انتخابات3مرحلوں میں کروانے کی درخواست کی لہٰذا اس سلسلے میں صوبائی حکومت کو مورد الزام ٹھرانا درست نہیں ہے تمام صورتحال کا پس منظر واضح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اپریل 2014میں نادرا کے ساتھ اس سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں نادرا نے نہ صرف صوبائی حکومت کے پیش کردہ لائحہ عمل کی تعریف کی بلکہ اس پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور بھی دیاجس کے بعد یہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ اس پر عمل درآمد کرواتا ۔

اپریل 2013میں الیکشن کمیشن آف پاکستان بلدیاتی انتخابات کے لئے بائیومیٹرک سسٹم کی کامیابی یاناکامی کے بارے میں کام کررہی تھی دسمبر2013میں الیکشن کمیشن نے پشاور میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت تجرباتی بنیادوں پر پولنگ منعقد کرایا اور جنوری 2014میں ایسے ہی پولنگ اسلام آباد میں بھی دہرانے کے بعد بائیومیٹرک سسٹم کو کامیاب قراد دیاگیا اسی دوران سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے بائیومیٹرک سسٹم کے زریعے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بارے میں دریافت کیا جس پر الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ نئے حلقہ بندیوں اور متعلقہ قوانین میں ترامیم کا کام وغیرہ مکمل کرنا ابھی باقی ہے وزیر اعلیٰ نے یاد دلایا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے نہ صرف نئی حلقہ بندیوں اور مطلوبہ قوانین سازی کا کام کامیابی سے مکمل کیا بلکہ 22دسمبر کو الیکشن کمیشن سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات بائیومیٹرک سسٹم کے تحت منعقد کرانے کے لئے تحریری طور پر کہہ بھی دیا تھااور یہ بھی استدعا کی کہ صوبے مخصوص موسمی حالات اور سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ انتخابا ت 3مرحلوں میں منعقد کرائے جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ حقیقت میں نہ نادرا ان انتخاب کے انعقاد کیلئے تیار ہے اور نہ الیکشن کمیشن اس پوزیشن میں ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کے پاس مطلوبہ بیلٹ پیپر وغیرہ دستیاب نہیں اورنہ نادرا کے پاس بائیومیٹرک سسٹم کے تحت بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے ضروری سامان موجود ہے ۔پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنے حصے کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کرتاآرہا ہے مگر الیکشن کمیشن کو اب بھی ان انتخابات کے انعقاد کیلئے 6مہینوں کا وقت درکار ہے ۔