آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب دس کروڑ ڈالر دیگا، مذاکرات کامیاب رہے، وزارت خزانہ

ہفتہ 8 نومبر 2014 17:25

آئی ایم ایف پاکستان کو ایک ارب دس کروڑ ڈالر دیگا، مذاکرات کامیاب رہے، ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8نومبر 2014ء) آئی ایم ایف نے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی ، پیداوار میں اضافے اور معاشی استحکام کو مضبوط بنانے کیلئے اب تک کی مجموعی پیشرفت کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے ، دسمبر میں عالمی ادارے کی منظوری کے بعد ایک ارب دس کروڑ ڈالر ملیں گے ، وزارت خزانہ نے مذاکرات کو کامیاب قرار دیا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے دبئی میں مذاکرات کے بعد عالمی ادارے نے اقتصادی جائزہ مکمل کر کے اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نجکاری اور سکوک کے اجراء میں تاخیر سے صورتحال متاثر ہوئی ۔

سیاسی غیریقینی کی صورتحال نے بھی معیشت کو متاثر کیا ۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر 5.4 ارب سے بڑھ کر جون میں 9.1 ارب ڈالر ہو گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح چار اعشاریہ تین فیصد رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کی رفتار کم ہو رہی ہے ۔ عالمی ادارے نے سٹرکچرل اصلاحات کے ایجنڈے کو مزید وسعت دینے ، نجی شعبے کے لیے قرضوں میں اضافے کی تجویز دی ہے ۔

اعلامیے میں کہا ہے کہ حکومت نے مالیاتی خسارہ مزید کم کر کے چار اعشاریہ آٹھ فیصد تک لانے کا یقین دلایا ہے۔ حکومت پورے نہ ہونے والے اہداف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دسمبر میں آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک ارب دس کروڑ ڈالر ملیں گے ۔ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب قرار دیا ہے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومتی اصلاحات سے معیشت میں واضح بہتری آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :