چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے وفاقی حکومت اور اپوزیشن لیڈر کا ایم کیو ایم سے رابطہ ،الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مختلف ناموں پر مشاورت،

ایم کیو ایم نے جسٹس (ر) رانا بھگوان داس، جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد، جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) غوث محمد کے نام تجویز کردیئے

جمعہ 7 نومبر 2014 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء) چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے وفاقی حکومت اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے جمعہ کو ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کیا اور الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مختلف ناموں پر مشاورت کی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں بابر غوری اور ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

اس رابطے میں وزیراعظم میاں نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے پیش کئے گئے مختلف ناموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سے قبل خورشید شاہ نے بھی ایم کیو ایم کی قیادت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔

(جاری ہے)

حکومت اور اپوزیشن لیڈر کے رابطے کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس نائن زیرو پر منعقد ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے وفاقی حکومت اور اپوزیشن لیڈر کے رابطے پر مشاورت کی گئی اور ایک مشاورتی عمل کے بعد ایم کیو ایم نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے چار نام تجویز کئے ہیں جن میں جسٹس (ر) رانا بھگوان داس، جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد، جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ر) غوث محمد شامل ہیں۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے ان ناموں کی فہرست کو وفاقی حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے اور رابطہ کمیٹی کی جانب سے مرتب کئے گئے ناموں کی توثیق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کردی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ایم کیو ایم کی جانب سے وفاقی حکومت کو یہ سفارش کی گئی ہے کہ جسٹس (ر) رانا بھگوان داس اور جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد کے ناموں پر زیادہ غور کیا جائے۔