چیف الیکشن کمشنر کا تقرر، حکومت اور اپوزیشن متفق نہ ہو سکیں

جمعرات 6 نومبر 2014 17:54

چیف الیکشن کمشنر کا تقرر، حکومت اور اپوزیشن متفق نہ ہو سکیں

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نئے چیف الیکشن کی تقرری کیلئے مشاورت کی گئی۔ پیپلز پارٹی نے (ن) لیگ کی جانب سے تجویز کیا گیا جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کا نام مسترد کر دیا۔ ان کی جگہ جسٹس ریٹائرڈ اجمل میاں کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

سید خورشید شاہ کے مطابق ملاقات میں جسٹس ریٹائرڈ بھگوان داس کے نام پر بھی غور کیا گیا تاہم بھگوان داس نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کو اتفاق رائے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کیلئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کے مطابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے تقرری کے حوالے سے رابطہ بھی کیا ہے۔ ادھر حکومت سیکرٹری الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے بھی تذبذب کا شکار ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ رابطے کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ اشتیاق احمد کی مدت ملازمت میں دوسری توسیع ختم ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی ہے۔ حکومت سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کیلئے ڈی ایم جی یا سیکرٹریٹ گروپ کے تین افسروں کے نام مانگے گئے تھے جو ابھی تک فراہم نہیں کئے گئے۔