کامسیٹس بلڈنگ کے تہہ خانے میں انتخابی دھاندلی کی خبر بے بنیاد اور الزام ہے، ترجمان نادرا

بدھ 5 نومبر 2014 23:09

کامسیٹس بلڈنگ کے تہہ خانے میں انتخابی دھاندلی کی خبر بے بنیاد اور الزام ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف نے اپنے موقف کو دوہرایا ہے کہ ایک یونیورسٹی کی عمارت کے تہہ خانے میں نادرا کی مدد سے دھاندلی کی گئی ہے تاہم نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی رپورٹس بے بنیاد اور حقائق کے برعکس ہیں ۔بدھ کے روز ترجمان نادرا نے میڈیا میں شائع ہونیوالی رپورٹس دیئے گئے تاثر کومسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کامسیٹس بلڈنگ کو اس وقت کے ڈپٹی چیئر مین نادرا طارق ملک نے 2011 ء میں کرایہ پر حاصل کیا تھا کہ اس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے لئے انتخابی رولز کی چھپائی کا کام کیا جا سکے۔

ترجمان نادراکا کہنا تھا کہ نادرا کی جانب سے بارہا اس امر کی صفائی پیش کی گئی تاہم نہ صرف ان الزامات کو دوہرابلکہ اچھالا جا رہا ہے جو کہ ادارے کی تضحیک کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ نادرا کو صرف فوٹو الیکٹورل فہرستیں موصول ہوتی ہیں ووٹ موصول نہیں ہوتے،لہذا اس کے باعث کو ئی بھی انتخابی مواد میں رد و بدل نہیں کر سکتا کیونکہ ان پولنگ بیگ جن میں فوٹو الیکٹورل فہرستیں اور ان کے کاؤنٹر فوائل ہوتے ہیں کو انتخابی ٹرابیونل کے نمائندئے کی موجودگی میں کھولا جاتا ہے اور ان کو سکین کر نے کے بعد دوبارہ پولنگ بیگز میں پیک کر کہ سیل لگا کر اس انتخابی مواد کونمائندئے کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ یہ سارا عمل ویڈیو کیمرہ اور سٹل کیمرے کی موجودگی میں مکمل کیا جاتا ہے اور اس عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جاتی ہے۔ترجمان نادرا نے کہا کہ جسٹس شاکر اللہ جان اور اس وقت کے قائمقام چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ہمراہ اس جگہ کا اپریل 2012 ء میں دورہ بھی کیا تھا۔

ترجمان نادرا نے واضح کیا کہ نادرا نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو میڈیا اور دیگر افراد کے ہمراہ کامسیٹس کے دورے کی دعوت بھی دی ہے کہ وہ خودوہاں آ کر زمینی حقائق کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں اور اس بات کا اندازہ لگا سکیں کہ ان کے بنائے گئے تاثرات نا انصافی پر مبنی ، غلط اور معلومات کاغلط استعمال بھی ہیں ۔ اس حوالے سے آن لائن سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے این اے 49 سے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی اور راہنماء الیاس مہربان نے کہا ہے کہ دھاندلی کے حوالے سے ان کا موقف بالکل واضح ہے اور وہ اپنی بات پر قائم ہیں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بارہا ذکر کیا ہے کہ ایک یونیورسٹی کی عمارت کے تہہ خانے میں نادرا کی مدد سے دھاندلی کی گئی ہے اور پی ٹی آئی اس بات پر مکمل طور پر قائم ہے انہوں نے کہا کہ اگر شفاف تحقیقات کی جائیں تو دھاندلی کرنے والے تمام عناصر بے نقاب ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :