ملک سے پولیو ختم کرکے دم لیں گے، نوازشریف

بدھ 5 نومبر 2014 14:05

ملک سے پولیو ختم کرکے دم لیں گے، نوازشریف

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 5نومبر 2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنا کر دم لیں گے ، پاکستان کے ہر بچے کا مستقبل مجھے عزیز ہے ، کسی کو اپاہج نہیں دیکھ سکتا ، پولیو خاتمے میں غفلت آنیوالی نسلوں کے خلاف جرم سمجھتا ہوں،پاکستان پولیو کے بارے میں عالمی برادری کے خدشات کو سمجھتا ہے لیکن دنیا کو ہماری مجبوریوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔

وہ بدھ کو یہاں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں وفاقی وزراء اور چاروں صوبوں و گلگت بلتستان کے وزراء اعلیٰ ،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سمیت گورنر خیبرپختونخوا مہتاب خان اورمتعلقہ عالمی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس کے آغاز میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے پولیو جیسیے موذی مرض کا خاتمہ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے پولیو کے خاتمے میں کسی بھی غفلت کو جرم سمجھتا ہوں اور یہ کسی صورت میں برداشت نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف لڑائی ہر حال میں جیتنا ہے بحیثیت وزیراعظم پاکستان کے ہر بچے کا مستقبل مجھے عزیز ہے اور کسی بچے کو اپاہج نہیں دیکھ سکتا، صوبوں کو پولیو کے خلاف تمام تر سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے 2012ء میں جن بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے گئے انہیں پلائے جارہے ہیں دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی مشکل حالات میں انسداد پولیو مہم جاری ہے پاکستان میں پولیو ورکرز کو نشانہ بنایا گیا پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے سکیورٹی مہیا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے اور ہم نے ان کا تحفظ کرنا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت ، مسلح افواج اور سول سوسائٹی پولیو کے خلاف مہم میں متحد اور یک جان ہو چکے ہیں،پاکستان پولیو کے بارے میں عالمی خدشات کو سمجھتا ہے لیکن دنیا کو ہماری مجبوریوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے۔ہمیں عدم رسائی،دہشت گردی،قبائلی علاقوں میں اس مہم کے حوالہ سے پائے جانے والے تحفظات کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو پولیو کے خلاف مہم میں مشکلات کا سامنا ہے اور عسکریت پسندوں نے پولیو ورکرز کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کو جڑ سے اکھاڑپھینکنے کیلئے شروع کیا گیا آپریشن کامیابی سے جاری ہے،شمالی اور جنوبی وزیرستان میں پولیو ویکسین سے محروم رہنے والے بچوں کو اب ویکسین دی جارہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ہم نے تمام بچوں کو پولیو ویکسین پلانے او رملک سے پولیو کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔

عالمی سطح پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ہم پاکستان میں آنے والے بین الاقوامی مسافروں کو بھی ویکسین دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر اس مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور پندرہ روزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں عالمی نمائندوں ، وزرائے اعلیٰ کی شرکت پولیو کے خاتمے کے عزم کی عکاس ہے میں خود پولیو مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کررہا ہوں اور آپ کے تعاون کی ضرورت ہے انشاء اللہ پاکستان کو پولیو جیسے وائرس سے پاک کرکے دم لینگے صوبے پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں ۔اجلاس میں ملک کو پولیو سے پاک کرنے کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

متعلقہ عنوان :