واہگہ بارڈر پر ہونے والے دھماکہ میں بھارت ملوث ہے، کنٹرول لائن پر جارحیت کے بعد اب پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کی کاروائیاں کی جارہی ہیں، پروفیسر حافظ محمد سعید

پیر 3 نومبر 2014 22:42

واہگہ بارڈر پر ہونے والے دھماکہ میں بھارت ملوث ہے، کنٹرول لائن پر جارحیت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 نومبر 2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ واہگہ بارڈر پر ہونے والے دھماکہ میں بھارت ملوث ہے۔ کنٹرول لائن پر جارحیت کے بعد اب پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔وطن عزیز پاکستان پر پراکسی وار مسلط ہے۔ ملک کو منظم سازشوں کے تحت میدان جنگ بنایا جارہا ہے۔

حکومت پاکستان مصلحت پسندی ترک کر کے بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعدجہاں مسلم کش فسادات اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ ہوا ہے وہیں دوسری جانب اس نے پاکستان میں بھی دہشت گردی کی کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔ بھارت سرکار پاکستان کی جانب سے دوستی کا ہاتھ بڑھائے جانے کا جواب کنٹرول لائن پر فائرنگ اوردھماکوں کے ذریعہ نہتے شہریوں کا قتل عام کر کے دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

دشمنان اسلام کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کاماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں۔ ان کی پوری کوشش ہے کہ یہاں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری، تخریب کاری اور دہشت گردی کو پروان چڑھایا جائے تاکہ وہ پاکستان کی کمزور پوزیشن سے فائدہ اٹھا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرسکیں۔

اس مقصد کیلئے اتحادیوں کی جانب سے بھارت کو مکمل شہ دی جارہی ہے ۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ افغانستان میں شکست کا انتقام لینے کیلئے بھارت کو پاکستان پر مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں مگر پاکستا ن اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت ہے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی یہ سازشیں ان شاء اللہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ واہگہ بارڈر کے قریب ہونے والے دھماکہ میں 60سے زائد افرادکے جاں بحق اور بیسیوں افراد کے زخمی ہونے پر اٹھارہ کروڑ پاکستانی سخت صدمہ سے دوچار ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت دہشت گردوں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرے اور اعلیٰ سطحی پیمانے پر تحقیقات کر کے تخریب کاری و دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔