صوبہ پنجاب میں یوم عاشور کے موقع پر سیکورٹی انتظامات مکمل ،5 ہیلی کاپٹرزفضائی نگرانی کریں گے...

ایک لاکھ 20 ہزار سکیورٹی اہلکار صوبہ میں امن وامان قائم رکھنے کے لئے تعینات کر دئیے گئے، فوج کی84 اور رینجرز کی 14کمپنیاں امن وامان کے قیام کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کریں گی

اتوار 2 نومبر 2014 23:32

صوبہ پنجاب میں یوم عاشور کے موقع پر سیکورٹی انتظامات مکمل ،5 ہیلی کاپٹرزفضائی ..

لاہور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین۔ 2نومبر 2014ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے موقع پر جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ اور سیکورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔جلوس کے روٹس اور حساس مقامات پر 225 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں،5 ہیلی کاپٹرز محرم کے جلوسو ں کی فضائی نگرانی کریں گے جبکہ وزیراعلی پنجاب کا اپنا ہیلی کاپٹر بھی اس فضائی نگرانی میں حصہ لے گا۔

انہوں نے یہ بات یہاں ڈی سی او آفس میں قائم کنٹرول روم،وائرلیس روم،کربلا گامے شاہ اور ایمرجنسی میڈیکل کیمپ کے دورہ کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران کہی۔اس موقع پر ڈی سی او لاہور عثمان یونس،سی سی پی او، ڈی آئی جی پولیس اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ عزاداران کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ذمہ داری ہے اور وہ اس ضمن میں اپنی تمام کاوشیں اور وسائل استعمال کرے گی۔

کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے مقامات پر بجلی کی معطلی کی صورت میں وہاں جنریٹرز اور دیگر متبادل انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی کاعمل کسی بھی طرح متاثر نہ ہو سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر جلوس کے گرد سکیورٹی کے 4 حصار قائم کئے جائیں گے اور ڈی سی او آفس میں قائم کنٹرول روم میں تمام لائن ایجنسیوں کے گریڈ18 اور 19 کے افسران ہمہ وقت موجود رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو صوبائی سطح کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیاگیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کہ صرف لاہور کے لئے 26 ہزار جبکہ صوبہ کے دیگر اضلاع کے لئے ایک لاکھ 20 ہزار پولیس حکام کی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداران کے جان ومال کے تحفظ کو ہر قیمت یقینی بنایا جائے گااور اس ضمن میں آئی ایس آئی ،آئی بی ،فوج،رینجرز اور دیگر ایجنسیاں باہم نزدیکی رابطہ رکھیں گی اور ملک کر کام کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لئے فوج کی84 کمپنیاں جبکہ رینجرز کی 14 کمپنیاں حصہ لیں گی ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور امن کمیٹیوں کو مکمل بااختیار بنا دیا گیا ہے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اسلحہ لے کر چلنے یا اس کی نمائش کرنے پر مکمل پابندی ہے اوراب تک خلاف ورزی کے مرتکب 100 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی امید ہے کہ پنجاب حکومت کے فول پروف انتظامات کے باعث محرم الحرام پرامن طریقے سے گزرے گا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہائی کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام بارے جاری کردہ ایس او پیز اور چیک لسٹ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور تمام ادارے ملکر کام کریں گے۔صوبائی وزیرداخلہ کی کربلا گامے شاہ میں شیعہ اکابرین خواجہ بشارت حسین کربلائی،رانا شاہ حسین قزلباش،سید عقیل حیدر گیلانی سے بھی ملاقات ہوئی جس پر شیعہ رہنماؤں نے محرم الحرام کے حوالے سے پنجاب حکومت کی طرف سے کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہارکیا اور انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔