استعفوں کی تصدیق کر کے فرض پورا کر دیا، اراکین کو رقوم اور وزارتوں کی پیشکش کر کے چھانگا مانگا والی سیاست دہرائی گئی، شاہ محمود قریشی

بدھ 29 اکتوبر 2014 17:13

استعفوں کی تصدیق کر کے فرض پورا کر دیا، اراکین کو رقوم اور وزارتوں کی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اڑھائی گھنٹے انتظار کیا لیکن سپیکر صاحب نہیں ملے، تحریک انصاف کے ایک ایک رکن نے ڈپٹی سپیکر اور عملے کے سامنے استعفوں کی تصدیق کر دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم استعفے دے چکے تھے اور مزید تصدیق کی ضرورت نہ تھی لیکن اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین سپیکر قومی اسمبلی کے نوٹس کے مطابق استعفوں کی تصدیق کیلئے آئے۔

ہم نے سوا چار بجے تک سپیکر قومی اسمبلی کا انتظار کیا لیکن کہا گیا کہ سپیکر نماز پڑھ رہے ہیں، سپیکر کی نماز عصر بھی آج تراویح کی طرح طویل ہو گئی، پتا نہیں چیمبر میں ایک سرکاری کیمرا بھی رکھا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپیکر کے نہ آنے پر تمام اراکین نے ڈپٹی سپیکر اور عملے کے سامنے استعفوں کی تصدیق کر دی ہے، استعفوں کی تصدیق ہمارا فرض تھا جو ہم نے پورا کر دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والوں نے ماضی کچھ نہیں سیکھا ، ہمارے ارکان کو وزارتوں اور رقوم کی پیشکش کر کے مسلم لیگ ن اب بھی چھانگا مانگا کی سیاست کر رہی ہے، جمہوریت کے علمبرداروں نے جمہوریت کے ساتھ مذاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹ ہمارا گھر ہے اور ہم اس کا ہمیشہ احترام کرتے ہیں، ڈپٹی سپیکر نے ہمارا نکتہ نظر اچھی طرح سے سپیکر تک پہنچایا لیکن ہمارا یہ سوال تھا کہ سپیکر صاحب کو ہم سے ملنے میں اجتناب کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کو یہ بتایا گیا تھا کہ استعفے دینے والے اراکین میں سے محض 12 سے 13 اراکین تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور باقی اراکین نے مرضی کے خلاف استعفے دیئے ہیں جس کے بعد مسلم لیگ ن نے ان اراکین کو رقوم اور وزارتوں کی پیشکش کر کے چھانگا مانگا کی سیاست کو دہرایا۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف نے فیصلہ کر لیا ہے کہ تمام اراکین مستعفی ہوں گے اور اگر کوئی رکن اس فیصلے کے خلاف جائے گا وہ پارٹی سے باہر ہو گا۔ ہم ابتداءسے ہی کہہ رہے ہیں کہ ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، جعلی مینڈیٹ کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :