سکالر شپ پر جرمنی جانے والے 2 پاکستانی طالب علم ائیرپورٹ سے فرار

منگل 28 اکتوبر 2014 21:55

سکالر شپ پر جرمنی جانے والے 2 پاکستانی طالب علم ائیرپورٹ سے فرار

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر۔2014ء) ) پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے سکالر شپ پر جرمنی جانے والے دوطالب علم یورپ پہنچتے ہی ائیرپورٹ سے فرار ہو گئے ہیں اور تاحال لاپتہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے 8 طالب علم سکالر شپ پر جرمنی کی ایرفرٹ یونیورسٹی کے " سمر سکول" کیلئے منتخب ہوئے تھے جن میں سے 2طالب علم نعمان حسن اور علی اویس جرمنی پہنچتے ہی ائیرپورٹ سے فرار ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق نعمان حسن بی ایس چوتھے سمسٹر جبکہ علی اویس ایم ایس سی کے دوسرے سمسٹر میں ہیں اور دونوں پنجاب یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سوشیالوجی میں زیر تعلیم ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے طالب علموں کی اس حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ان دونوں کے فرار ہونے میں انتظامیہ کی مرضی شامل نہیں ہے جبکہ دونوں طلباءملک و قوم کیساتھ ساتھ یونیورسٹی کی بدنامی کا باعث بھی بنے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جرمن پولیس فرار ہونے والے طالب علموں کو تلاش کر رہی ہے اور انٹرپول کو بھی ان کے فرار ہونے کی اطلاع دی جا چکی ہے۔مصدقہ ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ نعمان حسن یونیورسٹی میں غیر اخلاقی حرکات میں بھی ملوث رہا ہے اور کئی مواقعوں پر یونیورسٹی کی حدود میں شراب نوشی سمیت نشے کا عام استعمال کرتے ہوئے پایا گیا جبکہ کلاسز سے غیر حاضری کی بناءپر امتحانات میں فیل ہوتا رہا ہے لیکن اس کے باوجود یونیورسٹی کی جانب سے بغیر کسی تحقیق کے اس کا نام سکالر شپ کیلئے بھیجنا اور یونیورسٹی میں موجود ہونہار طالب علموں کی حق تلفی کرنا بھی قابل تشویش ہے۔

دوسری جانب یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل سائنسز شعبے کے سربراہ ڈاکٹر زکریا ذاکر نے موقف اپنایا ہے کہ فرار ہونے والے طالب علموں کے باعث یونیورسٹی کی بدنامی ہوئی ہے اور خدشہ ہے کہ اس حرکت کی وجہ سے آئیندہ کوئی بھی ملک سکالر شپ کیلئے پنجاب یونیورسٹی کو اہمیت نہیں دے گا۔ واضح رہے پاکستان کی جانب سے کل 16 طلباءنے یہ سکالر شپ حاصل کیا تھا جن میں سے 8 کا تعلق پنجاب یونیورسٹی سے تھا۔

متعلقہ عنوان :