سندھ میں کچھ عناصر چاہتے ہیں لڑاؤ اور حکومت کرو: الطاف حسین

منگل 28 اکتوبر 2014 21:13

سندھ میں کچھ عناصر چاہتے ہیں لڑاؤ اور حکومت کرو: الطاف حسین

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر۔2014ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کہتے ہیں سندھی بھی ہیں اور سندھ دھرتی کے وارث بھی، غیر کیوں سمجھا جا رہا ہے؟۔ مرسوں مرسوں کے نعرے لگانے والے سندھ نہ دیں لیکن دس سال کیلئے سندھ ایم کیو ایم کو دے دیں۔ کمزور ہونے کے خوف سے وڈیرے لوکل باڈیز الیکشن نہیں ہونے دیتے۔کراچی میں ایم کیو ایم کے ورکرز کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے پی پی قیادت کو ہدف تنقید بنا لیا۔

کہتے ہیں مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کے نعرے لگانے والے صوبے اور انتظامی یونٹ نہیں بنانا چاہتے تو نہ بنائیں، سندھ بھی نہ دیں لیکن سندھ کو دس سال کیلئے ایم کیو ایم کو دے۔ الطاف حسین نے کہا کہ کچھ عناصر سندھ میں "لڑاؤ اور حکومت کرو" کی پالیسی اپنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مہاجروں پر سندھیوں کا حق مارنے کا الزام بھی لگایا جاتا ہے۔ سندھ کے حقوق کیلئے مل کر لڑیں گے۔

ایم کیو ایم قائد نے کہا کہ ملک میں سب کچھ وڈیروں کیلئے ہے۔ جاگیردار لوکل باڈیز الیکشن بھی نہیں ہونے دیتے۔ ان کو ڈر ہے کہ الیکشن ہوئے تو وہ کمزور ہو جائیں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ شاہ لطیف کی دھرتی میں پیدا ہوئے لہذا سندھی بھی ہیں اور اس دھرتی کے وارث بھی، ہمارا جینا مرنا بھی یہیں ہے پھر غیر کیوں سمجھا جا رہا ہے؟۔ مہاجروں کو زمین دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔