متحدہ وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات ، مہاجر صوبے کے قیام کیلئے حمایت کا مطالبہ

منگل 28 اکتوبر 2014 14:24

متحدہ وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات ، مہاجر صوبے کے قیام کیلئے حمایت کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28اکتوبر 2014ء)متحدہ قومی موومنٹ نے مہاجر صوبے کے قیام کے لیے مسلم لیگ ن سے حمایت کا مطالبہ کر دیا ، وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے حامی ہیں ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی باہمی اختلافات بات چیت سے حل کریں۔ وزیر اعظم نواز شریف سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی ، ملاقات میں ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، نسرین جلیل کے ساتھ وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کراچی آپریشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے حوالے سے ذرائع نےبتایا ہے کہ ایم کیو ایم نے مہاجر صوبے کے قیام پر ن لیگ سے حمایت کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

وفد کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں مہاجر صوبے کیلئے جمع قرارداد کی ن لیگ حمایت کرے۔ جواب میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے آئین میں طریقہ کار موجود ہے ۔

نئے صوبے کیلئے صوبائی اسمبلی کی قرارداد آنا ضروری ہے ۔ ن لیگ ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہاجر صوبے کے معاملے پر حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ پارٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ کے وفد نے ملاقات کے دوران کراچی آپریشن پر تحفظات سے وزیر اعظم نواز شریف کو آگاہ کیا اور کہا کہ ایم کیو ایم کراچی آپریشن کی حامی ہے لیکن نشانہ بھی بن رہی ہے ۔

وفاقی حکومت ہمارے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل اور گرفتاریوں کا نوٹس لے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے بحث مباحثہ ہونا چاہئے ، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو بھی باہمی اختلافات مل بیٹھ کر حل کرنا چاہیئں۔