Live Updates

تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء) تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سربراہی میں کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ استعفوں کی تصدیق کیلئے پارٹی ارکان 29 اکتوبر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے سامنے پیش ہوں گے۔

اجلاس کے دوران عمران خان نے پارٹی کے پارلیمانی رہنماوٴں کا اجلاس 28 اکتوبر کو طلب کرلیا جس میں اس بات پرغور ہوگا کہ اسپیکر کی جانب سے ان کے استعفے کیوں منظور نہیں کئے جارہے ، استعفے جمع نہ کرانے والے ارکان کے خلاف بھی کارروائی کئے جانے کا امکان ہے۔بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے والے تمام ارکان 29 اکتوبر کو اکٹھے اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پیش ہوں گے اب یہ اسپیکر کی مرضی ہے کہ وہ سب کا موقف ایک ساتھ سنیں یا الگ الگ سنیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے حتمی نوٹس جاری کیا تھا ۔ تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 29 اکتوبر دن دو بجے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں طلب کیا گیا نوٹس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے ارکان اجتماعی طور پر اسپیکر آفس آ سکتے ہیں تاہم استعفوں کی تصدیق انفرادی طور پر کی جائے گی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے دیا گیا مناسب وقت ختم ہو گیا۔ تصدیق کیلئے نہ آنے پر سمجھا جائے گا کہ وہ قانونی مرحلے سے گزرنا نہیں چاہتے اور اپنے استعفوں کی شفاف تصدیق نہیں چاہتے۔ تصدیق نہ کرنے والے ارکان کے استعفے منظور کر لیے جائیں گے۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے 22 اگست کو استعفیٰ دیے تاہم اسپیکر کے بلانے کے باوجود ارکان اسپیکر چیمبر نہیں آئے۔

شاہ محمود قریشی کو بھی اسپیکر نے کہا کہ چیمبر میں آئیں تاہم وہ بھی نہیں آئے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے مستعفی ارکان نے تین ستمبر کو مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس سے قبل 23 اکتوبر کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری موخر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

تحریک انصاف نے استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے ..
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات