طاہر القادری کا اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ بڑا اچھا اور خوش آئند ہے ‘ وزیر اطلاعات پرویزرشید

جمعرات 23 اکتوبر 2014 13:23

طاہر القادری کا اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ بڑا اچھا اور ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہر القادری کا اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ بڑا اچھا اور خوش آئند ہے، دھرنے کے دوران کچھ افسوسناک واقعات کے باوجود موجودہ حکومت نے عوام کا احتجاج کا حق تسلیم کیا اور دھرنے کے شرکاء کی سہولت کیلئے تمام اقدامات کئے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ جذبہ جمہوریت اور جمہوری اقدار پر اعتماد کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مظاہرین کو ریڈ زون میں داخل ہونے اور 70 دن تک احتجاج کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ دھرنوں سے ملک کی سماجی و اقتصادی حالت بری طرح متاثر ہوئی، حکومت نے دھرنے کے شرکاء کے جذبات کا احترام کیا جو جمہوریت کا حسن ہے، جس میں ہزاروں مظاہرین کو وفاقی حکومت کی انتظامی مشینری کے سامنے حق دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قائدانہ صلاحیت کے مظاہرے میں ناکام رہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی طرح عمران خان اور اس کی جماعت کو بھی اپنا سامان باندھنا چاہیے اور احتجاج ختم کرتے ہوئے ملک میں جمہوری اقدار کو سربلند رکھنا چاہیے۔