عوامی نیشنل پارٹی کا ارکان کا کراچی میں اے این پی کے کارکنوں پر فائرنگ کے خلاف سینیٹ سے واک آؤٹ ،

لاشیں اٹھا اٹھا کر اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا پہنچا کر ہم تھک چکے ہیں، شاہی سید

منگل 21 اکتوبر 2014 23:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان نے کراچی میں اے این پی کے کارکنوں پر فائرنگ کے خلاف واک آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ کراچی میں ہمارے کارکنوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے، لاشیں اٹھا اٹھا کر اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا پہنچا کر ہم تھک چکے ہیں، صرف ہماری جماعت ہی اقتدار میں نہیں ہے، باقی پارٹیوں کی اقتدار میں کسی نہ کسی طرح شمولیت ہے، کراچی دنیا میں پختونوں کا سب سے بڑی آبادی ہے، بتایا جائے پختونوں کو کون مار رہا ہے شاہی سید نے کہاکہ بتایا جائے کہ اے این پی کا قصور کیا ہے، مجبور نہ کیا جائے کہ وہ بھی پہاڑوں پر چلے جائیں انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا سمیت ہر جگہ ان کی جماعت پر غیر اعلانیہ پابندی ہے، الیکشن سے پہلے جو صورتحال تھی وہی اب بھی ہے، بتایا جائے کہ دہشت گردی کرنے والے کون لوگ ہیں۔

اس موقع پر حاجی عدیل نے کہاکہ ان کی جماعت سندھ کی تقسیم کے خلاف ہے، وزیراعلیٰ ظاہر کریں کہ آپریشن کراچی میں گرفتار ملزمان کاتعلق کن جماعتوں سے ہے۔ پختونوں پر ظلم کے خلاف اس ایوان سے علامتی واک آؤٹ کرتا ہوں اس کے ساتھ ہی وہ ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔