اجازت دیں خیبر پختونخواہ میں اتحادی حکومت قائم کر لیں،فضل الرحمن کی وزیر اعظم کو پیشکش

منگل 21 اکتوبر 2014 15:54

اجازت دیں خیبر پختونخواہ میں اتحادی حکومت قائم کر لیں،فضل الرحمن کی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء)جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے وزیر اعظم سے اجازت مانگ لی ، وزیر اعظم نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو روکتے ہوئے کہا ہے کہ مئی 2013 میں اعلان کیا تھا کہ جس کو جہاں مینڈیٹ ملا ہے اس کا احترام کرینگے ، اپنے اصولی فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔

وزیر اعظم نواز شریف سے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال ، خیبرپختونخواہ اور وفاق میں اتحادی معاملات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے لیے وزیر اعظم سے اجازت طلب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس صوبائی اسمبلی میں اکثریت موجود ہے، صرف آپ کی اجازت درکار ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی میں بھی ہمارے ساتھ شامل ہونے کیلئے تیار ہیں ۔ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنا کر صوبے میں اپنی اتحادی حکومت قائم کر سکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کو اس معاملے پر مزید عملدرآمد سے روکتے ہوئے کہا کہ فی الحال بہت سے محاذ کھلے ہوئے ہیں، نیا محاذ کھڑا نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی 2013 میں اعلان کیا تھا کہ جس کو جہاں مینڈیٹ ملا ہے اس کا احترام کرینگے ۔ اپنے اصولی فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کی ضرورت پڑی تو اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد عملدرآمد کرینگے۔ ملاقات میں وزیر داخلہ چودھری نثار، گورنر کے پی کے سردارمہتاب ، اکرم درانی اور خواجہ سعد رفیق شریک تھے۔