چند لوگوں کے کہنے پر حکومت تبدیل نہیں ہو سکتی: وزیراعظم

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 14:42

چند لوگوں کے کہنے پر حکومت تبدیل نہیں ہو سکتی: وزیراعظم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر 2014ء) ماڈل ٹاون لاہور میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کی ادائیگی کے پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کوئی رکاوٹ ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں حائل نہیں ہو سکتی۔

عوام نے مسلم لیگ (ن) کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے انشاءاللہ 5 سال کے دوران عوام کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اولین ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی بحالی و مالی امداد کے حوالے سے پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی شبانہ روز کوششوں کو سراہا ۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر شفاف اور تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کے ناپاک عزائم ناکام ہو چکے ہیں اور وزیراعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر اگلے پانچ برس کے دوران بھی جاری و ساری رہے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آزادی چوک منصوبے کی بروقت تکمیل پر تعریف کی اور ڈی جی ایل ڈی اے کو شاباش دی۔

متعلقہ عنوان :