بلاول بھٹو زرداری آج نئے ‘ جمہوری اور خوشحال پاکستان کا روڈ میپ دیں گے،منظور حسین وسان

جمعہ 17 اکتوبر 2014 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اکتوبر۔2014ء) 18 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرداری ‘ نئے ‘ جمہوری اور خوشحال پاکستان کا روڈ میپ دیں گے ۔ یہ دن ہی دراصل نئے پاکستان کے آغاز کا دن ہوگا ۔ اس روز کراچی کے لاکھوں عوام جلسے میں جوش و خروش سے شرکت کرکے سب کو سرپرائز دیں گے جبکہ ملک بھر کے مزدور‘ کسان اور عوام پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت سے اپنی محبت اور رفاقت کی تجدید کریں گے ۔

ان خیالات کااظہار سندھ کے وزیر برائے جیل خانہ جات ‘ انسداد بدعنوانی اور معدنیات و معدنی ترقی منظور حسین وسان نے جمعہ کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے لئے آنے والے پیپلز پارٹی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔منظور حسین وسان نے کہا کہ کل بلاول بھٹو زرداری ‘ قائد اعظم محمد علی جناح ‘ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے جمہوری اور خوشحال پاکستان کے مشن کو ایک نئے عزم کے ساتھ لیکر آگے بڑھیں گے ۔

(جاری ہے)

منظور حسین وسان نے کہا کہ پی پی پی کی قیادت اور کارکنان کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری اپنے بزرگوں کی طرح بہادر ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے ساتھ ہے ۔ 18 اکتوبر کو بلاول بھٹو زرداری اپنے سیاسی سفر کا آغاز کررہے ہیں لہذا اس موقع پر کراچی کے عوام کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر علاقوں سے بھی عوام اظہار یکجہتی کے لئے جلسے میں شرکت کریں۔ یہ جلسہ اتنا بڑا ہوگا کہ اس کے بعد دوسروں کے جلسے ‘ جلسے نہیں بلکہ جلسیاں معلوم ہوں گی ۔