پنجاب ، سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے

منگل 14 اکتوبر 2014 12:58

پنجاب ، سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق جوابات سپریم کورٹ میں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر 2014ء) پنجاب اور سندھ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ فتح ملک کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر سندھ نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے آرڈیننس کے مسودے پر کچھ تیکنیکی اعتراضات اٹھائے ہیں ۔ اعتراضات دور ہوں تو آرڈیننس جاری کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ پہلے وفاق قانون سازی کرے گا پھر پنجاب کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے بھی وفاق کی قانون سازی تک صوبائی قانون سازی سے روکا ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دینے کیلئے قانون سازی کا عمل پہلے وفاق نے شروع کرنا ہے۔ چند روز قبل کے پی کے نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا جس کے تحت بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا گیا تھا۔