فیصل آباد کا فیصلہ پورے پنجاب کا فیصلہ،ہمارا جرم 10 نکاتی انقلابی ایجنڈہ، جلد پورے ملک میں دھرنا دیں گے :طاہر القادری

اتوار 12 اکتوبر 2014 22:05

فیصل آباد کا فیصلہ پورے پنجاب کا فیصلہ،ہمارا جرم 10 نکاتی انقلابی ایجنڈہ، ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی عوام نے لاکھوں کی تعداد میں جلسے میں شرکت کے کے انقلاب کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے،فیصل آباد کا فیصلہ پورے پنجاب کا فیصلہ ہے،دھرنے اور جلسوں کے اخراجات اوورسیز پاکستانیوں نے برداشت کیے، ملک میں بادشاہت کا نظام نہیں چل سکتا،پاکستان نے انقلابی کروٹ لے لی ہے اب انقلاب آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

دھوبی گھاٹ میں جلسے سے خطاب سے میں ان کا کہنا تھا کہاکہ آج یہاں موجود عوام کا سمندر یہ بتا رہا ہے کہ 19 اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور کا منظر کیا ہو گا، اس دن پاکستان کی تحریک کا اعلان کروں گا، انقلاب کی تحریک اس سے پہلے بھی فیصل آباد سے اٹھی تھی اور آج بھی یہ فتح فیصل آباد نے ہی دی ہے، یہ لاہور میں پولیس کے گولیوں کا نشانہ بننے والے شہداء کے خون کا رنگ ہے ، غریب طاقتوروں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اب اس انقلاب کو کوئی روک نہیں سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14 گست سے لے کر آج تک انقلاب مارچ کے شرکاء نے اسلام آباد میں دھرنا دے کر تاریخ رقم کر دی ہے، ان کی قربانیاں رنگ لانی والی ہیں، ڈی چوک میں دھرنا جاری ہے اور جاری رہے گا، میں جلد پورے ملک میں دھرنے کا اعلان کروں گا, میں میڈیا کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جس نے انقلاب کا پیغام پاکستان کے گھر گھر میں پہنچا دیا ہے، آج ہونے والا یہ عوامی اجتماع حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک جرم کیا ہے کہ میں نے اس ملک کے غریبوں کے لئے 10 نکاتی ایجنڈہ پیش کیا ہے، میں نے ان پسے ہوئے عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی کا خواب دکھایا، میں نے شہریوں کو تعلیم، مفت علاج ،روٹی ،کپڑے اور مکان کی فراہمی کا وعدہ کیا، اس جرم کی پاداش میں ہمیں سزا دی گئی، ماڈل ٹاؤن میں گولیوں کی بارش کر کے قیامت برپا کر دی گئی اور اس پر ایک ایف آئی آر بھی کاٹنے سے انکار کر دیا گیا۔

شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے یوم شہداء مناے کا اعلان کیا تو ہم پر پانی اور کھانا بند کر دیا گیا، پھر ہم نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا تو لوگوں کو گرفتار کیا گیا، اس سارے ظلم کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے، اب عوام ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور انقلاب کی کرن نظر نہ آنے تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس جلسے کے بعد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا اور ان کے لیے امدادی سامان کا ٹرک بھی لے کر جاؤں گا، پھر 16 اکتوبر کو واپس دھرنے میں پہنچ جاؤں گاجبکہ 19 اکتوبر کو لاہور اور 23 اکتوبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ کروں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکاءنے 2 ماہ سے ملک کی خاطرقربانیاں دیں ہیں اور آج ان کی بدولت پورا ملک جاگ گیا ہے۔آج کے جلسے میں 3 سے 4 لاکھ افراد موجود ہیں اور فیصل آباد کی آنکھ نے اتنا بڑا عوام کا سمندر نہیں دیکھا، اب وہ وقت دور نہیں جب ہم انتخابات میں کامیابی بھی سمیٹ لیں گے۔