Live Updates

عمران خان کا طاہر القادری کی امامت میں نماز عید ادا کرنیکا اعلان

اتوار 5 اکتوبر 2014 23:10

عمران خان کا طاہر القادری کی امامت میں نماز عید ادا کرنیکا اعلان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2014ء) عمران خان نے پی اے ٹی ورکرز کو گلو بٹوں کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل علامہ طاہر القادری کی امامت میں نماز عید ادا کروں گا، جاگی ہوئی قوم کو جعلی مینڈیٹ والا وزیراعظم قبول نہیں، میاں نواز شریف کو ہر صورت جانا ہوگا، موجودہ حکمران اقتدار کی اہلیت ہی نہیں رکھتے، وزیراعظم بننے کیلئے نہیں قوم کیلئے دھرنا دیا۔

اسلام آباد میں ڈیڑھ ماہ سے جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ دھرنا اپنے لئے نہیں، قوم کیلئے دیا، وزیراعظم بننے کے اور بھی طریقے تھے، آزادی مارچ شرکاء کی قربانی ضائع نہیں جائے گی، قومیں بڑے کام اور قربانی کے بغیر نہیں بنا کرتیں۔

(جاری ہے)

وہ کہتے ہیں کہ جاگی ہوئی قوم کو جعلی مینڈیٹ والا وزیراعظم قبول نہیں، نواز شریف کے استعفے تک یہیں رہیں گے، میاں صاحب! آپ کو استعفیٰ دینا پڑے گا، حکمران اقتدار کی اہلیت ہی نہیں رکھتے، انہیں قوم کا خیال نہیں، وہ اپنے لئے پیسہ بنارہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 31 اگست کو عوامی تحریک نے نواز شریف کے گلو بٹوں کا مقابلہ کیا، انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کل طاہر القادری کی امامت میں نمازعید ادا کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 180ارب ٹن کوئلہ، لاکھوں ٹن تانبہ اور دیگر معدنیات موجود ہیں، ہر 3 کنوئیں کھودنے پر گیس نکل آتی ہے، پانی سے 50 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے، پختونخوا میں ڈیم سے سستی بجلی بناسکتے ہیں، حکمران جلدی پیسہ بنانے کے چکر میں ڈیم نہیں بناتے۔پی ٹی آئی چیف کا کہنا ہے کہ نئے پاکستان میں میرٹ، قانون کی بالادستی ہوگی، 10 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالیں گے، فلاحی ریاست میں قانون سب کیلئے ایک ہوگا، تعلیم پر زور دیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات