وزیراعظم نواز شریف کا استعفی دینا آئینی ، قانونی چیز، مڈٹرم الیکشن قانون کا حصہ ہے:پرویز اشرف

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 14:57

وزیراعظم نواز شریف کا استعفی دینا آئینی ، قانونی چیز، مڈٹرم الیکشن ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر 2014ء) سابق وزیراعظم ،وفاقی وزیر پانی و بجلی اور پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا استعفی دینا آئینی ، قانونی چیز، مڈٹرم الیکشن قانون کا حصہ ہے ۔وفاقی دارلحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات ٹھیک ہوئے تھے تو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے سے نہیں گھبرانا چاہیئے، انتخابی دھاندلی کے لئے ہونے والے دھرنوں کے باعث معاملات بہت آگے نکل چکے ہیں،پیپلزپارٹی کسی سیاسی جماعت کی حامی ہے اور نا مخالف تاہم موجودہ بحران کے حل کے لئے حکومت کو دھرنے والوں سے بات کرکے انہیں کسی ایک نکتے پر متفق کرنا ہوگا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھرنوں کو 50 دن مکمل ہوگئے ہیں اور پورا ملک میں ہیجان کی سی کیفیت ہے ، اسلام آباد اور راولپنڈی سیل کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث شہری محصور ہوکر رہ گئے ہیں، دھرنوں کے باعث حکومتی سرگرمیاں بھی معمول کے مطابق نہیں چل رہیں جنہیں دوبارہ راہ راست پر لانے کے لئے حکومت کو ہی کردار ادا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی بحران میں پیپلزپارٹی نے مثبت کردار ادا کیا، سیاست تسلسل کا نام ہے اور یہ مسلسل عمل کا سلسلہ ہوتا ہے جس میں افہام و تفہیم سے آگے بڑھتے رہنا چاہیئے۔