Live Updates

خلیجی ممالک، یورپ ،امریکہ سمیت پاکستان کے بعض علاقوں میں آج عید الاضحی منائی جارہی ہے

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 14:41

خلیجی ممالک، یورپ ،امریکہ سمیت پاکستان کے بعض علاقوں میں آج عید الاضحی ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر 2014ء) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات،عراق سمیت پاکستان کے بعض علاقوں میں آج عیدلاضحی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، امریکہ اور کینیڈا میں مسلمانوں کی بڑی تعداد آج جبکہ بعض کمیونیٹیز اتوار کوعید منائیں گی، پشاور میں افغان مہاجرین ، قبائلی علاقوں اور کراچی میں بوہرا جماعت نے نماز عیدالاضحی ادا کر دی، برطانیہ میں اس بار بھی 3 عیدیں منائی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں لاکھوں مسلمان آج عید الاضحی منا رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید الاضحٰی کے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں ہزاروں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی ، مکہ مکرمہ میں ہونے والے نماز عید کے اجتماع میں امامت کے فرائض ڈاکٹر سعود الشریم نے ادا کئے ، اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے ، مسلمانوں نے اللہ کے حضور خشوع خضوع سے دعا کی اور اپنے گناہوں کی معافی مانگی ، ڈاکٹر سعود الشریم نے نماز عید کے خطبے میں فلسفہ قربانی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مسلمانوں کو اسوہ حسنہ پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات، مصر اور عراق سمیت کئی خلیجی ممالک میں بھی آج مسلمان سنتِ ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانورقربان کریں گے۔ برطانیہ میں اس بار بھی تین عیدیں ہوں گی۔سپین کے تمام شہروں میں آج سنت ابراہیمی ادا کی جائے گی تاہم سپین میں مقیم اہل تشیع مکتب فکرنے عیدالاضحی اتوار کو منانے کا اعلان کیا ہے،فرانس میں اہل سنت مکتبہ فکر آج عید منائے گاجبکہ شیعہ برادری اتوار کو عیدالاضحی منائے گی۔

آسٹریا بھرمیں بھی عیدالاضحیٰ آج منائی جا رہی ہے جبکہ وہاں موجود اہل تشیع اتوار کو عید منائیں گے،امریکہ اور کینیڈا میں دو عیدیں منائی جائیں گی۔ طے شدہ کیلنڈر کے تحت بیشتر اسلامی تنظیمیں آج اللہ کی راہ میں قربانی کریں گی جبکہ رویت ہلال کے اصول کو اپنانے والی تنظیمیں اتوارکو عیدمنائیں گی۔فلسطین میں آج عیدالاضحیٰ منائی جارہی ہے۔

33 سال بعد بیت المقدس میں عیدالاضحیٰ اور یہودیوں کا مذہبی تہوار ”یوم کپور “ ایک ساتھ ہونے کے سبب اسرائیلی فوج نے بیت المقدس پر بھاری فوج تعینات کر دی ہے اور مغربی کنارے کو 48 گھنٹوں کے لیے بند کردیا ہے۔ علاوہ ازیں پشاور میں افغان مہاجرین اورکراچی میں بوہرا جماعت نے عید الاضحیٰ ادا کر لی جس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی بھی کی گئی۔

خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں بھی آج نماز عید الاضحیٰ ادا کر دی گئی، جمرود اور لنڈی کوتل میں کل عید منائی جائے گی۔ ملک میں داﺅدی بوہرا جماعت بھی آج عید الاضحی منا رہی ہے،شہر قائدمیں بوہرا جماعت کا نماز کا سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا، اس کے علاوہ شہر قائد میں آدم مسجد نزد سٹی کورٹ ، سولجر بازار ، حیدری ، شبیر آباد سمیت کئی مقامات پر عید الاضحٰی کی نماز ادا کی گئی۔

اس موقع پرملک کی ترقی و خوشحالی ، امن و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز عید کے بعد ایک دوسرے اور تمام اہل وطن کو عید کی مبارکباد دی گئی جس کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے شہر میں کئی مقامات پر نماز عید کی ادائیگی کے بعد قربانی کی گئی۔ نماز عیدالاضحٰی کے موقع پر مساجد کے اطراف سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے۔

Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :