Live Updates

چوہدری برادران پرانے سازشی ہیں ،پنجاب بنک پر اربوں کے اپنے ڈاکے کا حساب دیں ‘ حمزہ شہباز،عمران خان کا چور دروازے سے وزیر اعظم بننے کا خواب ڈی چوک میں چکنا چور ہو چکا ہے،وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی ہمیشہ دلجوئی کی ہے،شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی‘رکن قومی اسمبلی

جمعرات 2 اکتوبر 2014 22:46

چوہدری برادران پرانے سازشی ہیں ،پنجاب بنک پر اربوں کے اپنے ڈاکے کا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ چوہدری برادران پرانے سازشی ہیں وہ کرپشن کے خلاف جہاد کے اعلان سے پہلے پنجاب بنک پر اربوں کے اپنے ڈاکے کا حساب دیں -قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا چوہدری صاحبان دور دور تک نظر نہیں آئے - عمران خان کا چور دروازے سے وزیر اعظم بننے کا خواب ڈی چوک میں چکنا چور ہو چکا ہے-سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گجرات ،سیالکوٹ اور ڈسکہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں میں سیلاب زدگان کی مالی امداد کے موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا -اس موقع پر مقامی عوامی نمائندے اور ضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی -حمزہ شہباز شریف نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست میں ناشائستگی ، ہٹ دھرمی ، عدم برداشت اور نفرت کے جو بیج عمران خان اور طاہر القادری بو رہے ہیں ان کی فصل کاٹتے ہوئے اُن کے اپنے ہاتھ زخمی ہوجائیں گے- حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ نئے پاکستان کی تعمیر کے دعوے دار اپنے سیاسی جلسوں میں جس قسم کی نازیبا زبان استعمال کررہے ہیں وہ کسی بھی مہذب سیاست دان کو زیب نہیں دیتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دھرنا سیاستدان اپنے سیاسی طرز عمل کے ذریعے اپنے کارکنوں کی جو تربیت کررہے ہیں اس کے ملکی سیاست پر منفی اثرات مرتب ہونگے -مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ جمہوریت کے خلاف لندن پلان کی گھناوٴنی سازش کے بے نقاب ہونے سے عوامی حقوق کے علمبرداروں کے اصلی چہرے عوام پر آشکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران اور طاہر القادری کی دھرنیوں کی وجہ سے چینی صدر نے پاکستان میں 32 ارب ڈالر کے بجلی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کا اعلان موخر کیا اس سے بڑھ کر دھرنا سیاست کا ملکی مفاد کو اور کیا نقصان ہو سکتا ہے- رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہاکہ عوامی مسائل سے ان رہنما وٴں کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کے دوران جب سیلاب زدگان ڈوب رہے تھے تو یہ لوگ ڈی چوک میں ناچ گانوں کی محفلیں لگا کر حد درجہ بے حسی کا مظاہرہ کررہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگی قیادت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کرکے اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی ہمیشہ دلجوئی کی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ہر قسم کے سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر سیلاب زد گان کے دکھ درد میں شریک رہے گی ۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ گجرات میں جلال پور جٹاں کے قریب شہبا ز پور کے مقام پر دریا چناب پر نئے پل کی تعمیر بہت جلد شروع ہو جائے گی جس سے علاقے میں صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا - انہوں نے متاثرین سیلاب میں رقوم تقسیم کیں اور سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کیلئے پانچ ، پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات