Live Updates

عمران خان کا میانوالی اور ملتان میں جلسوں کا اعلان

اتوار 28 ستمبر 2014 21:29

عمران خان کا میانوالی اور ملتان میں جلسوں کا اعلان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں جھوٹ بولنے کا کیس شروع ہو رہا ہے، یہ کیس تحریک انصاف کے اسحاق خاکوانی نے دائر کیا ہے کیونکہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں بیٹھ کر جھوٹ بولا۔لاہور میں مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پہلی بار جھوٹ نہیں بولا، مسلم لیگ(ن) سالوں تک کہتی رہی پرویز مشرف سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا جس کے تحت شریف برادران سعودی عرب گئے مگر سعودی شہزادے نے سب کے سامنے وہ معاہدہ پیش کر دیا جس سے ان کا جھوٹ سامنے آگیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 10 ماہ سے روکی ہوئی رپورٹ بالآخر جاری کر دی ہے جس میں تسلیم کیا گیا ہے کہ الیکشن کے روز پولنگ بوتھ بدلے گئے تھے جس سے ووٹر اپنا ووٹ نہیں ڈال سکے بلکہ ان کی جگہ جعلی ووٹ ڈالے گئے۔

(جاری ہے)

خطاب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یہ بھی تسلیم کر لیا ہے کہ غیر قانونی طور سیکورٹی پریس کے بجائے باہر سے ووٹ چھپوائے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یو این ڈی پی کے سسٹم کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وہ بند کر دیا گیا جس کے بعد ہاتھ سے لکھے گئے نتائج بنائے گئے جس کے بعد ریٹرنگ افسران نے نتائج تبدیل کیے ان ریٹرننگ افسران کو سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے احکامات جاری ہوئے تھے۔عمران خان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک فارم 14 اپنی ویب سائٹ پر نہیں ڈالے کیونکہ الیکشن کمیشن نے نواز شریف اور افتخار محمد چوہدری کے ہمراہ میچ فکسنگ میں ملوث تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہہ دیا ہے کہ نادرا ایک لاکھ افراد کے انگھوٹوں کی تصدیق ایک روز میں کر سکتی ہے جبکہ مقناطیسی سیاہی بھی جان بوجھ کر استعمال نہیں کی گئی، اس کی تحقیقات کی جانی چاہیئے تھی مگر ابھی تک اس کی تحقیقات کیوں نہیں کی گئی کیونکہ اس میں مسلم لیگ (ن) ملوث تھی جو حکومت میں ہے۔کارکنان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب تک استعفی نہ دے دیں احتجاج اور دھرنے جاری رکھیں گے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر اچھا کیا، سب کے چہرے سامنے آگئے، جنرل جیلانی اور ضیا الحق کی نرسری میں نہیں پلا، آئی ایس آئی سے پیسے نہیں لیے،اب مقابلہ زبردست ہو کیونکہ ایک جانب تمام جماعتیں ایک جانب ہوگئی ہیں جبکہ تحریک انصاف دوسری جانب ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی کے بعد کہا تھا کہ اگر انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر آوں گا، انصاف کے حصول کے لیے تمام دروازے کھٹکھٹائے مگر انصاف نہیں ملا۔

سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمران جب سیلاب زدہ علاقوں میں گئے تو وہاں نعرے لگے ''گونوازگو'' جبکہ نواز شریف کے خلاف نیویارک میں ''گو نواز گو'' کے نعرے لگے، حکمران جہاں ڈرامے کرتے ہیں ''گونوازگو'' کے نعرے سننے کو ملتے ہیں، نواز شریف نے فوری استعفیٰ دے دیا تو میرا پیغام گھر گھر کیسے پہنچے گا۔عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف اوپر سے مخالف اور اندر سے بھائی ہیں، دونوں ایک دوسرے کو چور بھی بولتے ہیں اور بچاتے بھی ہیں،آصف زرداری جب صدر بن رہے تھے تو سوچا کہ ایک ملزم صدر بن رہا ہے اس لیے احتجاج کیا تو صرف 2ہزار لوگ جمع ہوئے،عوام کا برا حال تھا دوسری طرف دیکھا کہ 2 خاندان امیر ہوتے جا رہے تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :