وفاقی اور پنجاب کابینہ میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ ،وزیراعظم ردوبدل اتحادی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشورہ سے کریں گے، کابینہ میں نوجوان اور بے داغ ماضی کے حامل افراد کو نمائندگی دی جائے گی، ذرائع

اتوار 28 ستمبر 2014 19:49

وفاقی اور پنجاب کابینہ میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ ،وزیراعظم ردوبدل ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے وفاقی اور پنجاب کابینہ میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ کر لیاہے اور یہ ردوبدل پارلیمنٹ میں اپنے اتحادی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشورہ سے کیا جائے گا اور کابینہ میں نوجوان اور بے داغ ماضی کے حامل افراد کو نمائندگی دی جائے گی۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم عید کے بعد نئی کابینہ ترتیب دیں گے جن میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے ممبران پارلیمنٹ کو شامل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف اس سلسلے میں عید سے قبل اپنی مشاورت کا عمل مکمل کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینٹ میں موجود پارٹی کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے ان میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری‘ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن‘ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی‘ پختونخواہ ملی اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور دیگر سیاسی قائدین جن میں ایم کیو ایم‘ سندھی قومی متحدہ محاذ کے علاوہ جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق اور دیگر مذہبی قائدین سے اپنی مشاورت کرنے کے بعد وفاقی کابینہ میں نہ صرف ردوبدل کریں گے بلکہ نئے نوجوان چہرے بھی روشناس کرائے جائیں گے جن کا ماضی داغدار نہ ہو۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کیلئے روانہ ہونے سے قبل اپنے نزدیکی رفقاء کار کو اس سلسلے میں آگاہ کردیا تھا اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو بھی ہدایت کردی ہے کہ پنجاب کی صوبائی کابینہ ردوبدل کیلئے اپنا لائحہ عمل تیار کرلیں۔ آن لائن کو معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزیراعلی پنجاب نے پنجاب بھر کے مختلف ممبران صوبائی اسمبلی کو نئی کابینہ میں شامل کرنے کیلئے ان کے بارے میں معلومات اکٹھی کرنا شروع کردی ہے۔

اس سلسلے میں مختلف خفیہ ایجنسیوں سے نئی کابینہ میں شامل ہونے والے ناموں کی تفصیلات اور ان کی جائیدادوں اور دیگر کوائف طلب کرلئے ہیں۔ آن لائن کو معلوم ہوا ہے کہ وفاقی اور پنجاب کی کابینہ میں نصف سے زائد چہرے تبدیل ہوجائیں گے۔ وزیراعظم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مختلف پیکیج مرتب کئے جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے عوام جوکہ موجودہ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آئے ہوئے ہیں ان کیلئے مناسب روزگار کے علاوہ ان کی ماہانہ امداد کا بھی بندوبست کیا جاسکے۔

وزیراعظم آئندہ چند یوم میں مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کریں گے جس میں ممبران کی رائے لی جائے گی اور لی گئی تجاویز کی روشنی میں مزید لائحہ مرتب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :