بھارتی اخبارات وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر سیخ پاء

ہفتہ 27 ستمبر 2014 11:52

بھارتی اخبارات وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر سیخ پاء

نیویارک ،ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر 2014ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی تقریر کے بعد بھارتی میڈیا سیخ پا ہوتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف میدان میں آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جہاں الیکٹرانک میڈیا نے پاکستان کی مخالفت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی وہیں بھارتی اخبارات نے بھی پاکستان پر الزامات کی حد کر دی۔

کشمیر کی حمایت میں وزیر اعظم پاکستان کی تقریر کو جہاں بھارتی چینلز نے آئی ایس آئی کی لکھی ہوئی تقریر قرار دیا وہیں انہوں نے کشمیر کو بھارت کا اندرونی مسئلہ قرار دیا۔بھارتی اخبارات ٹائمز آف انڈیا اور انڈین ایکسپریس نے کشمیر پر ہونے والی اہم بات چیت کو نہ صرف نظر انداز کر ڈالا بلکہ سیکریٹری خارجہ سطح پر منسوخ ہونے والے مذاکرات کا الزام بھی پاکستان کے سر ڈال دیا۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبارات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے بات چیت بند کر نے کا الزام بھارت پر لگا کر بہت نا انصافی کی جبکہ سیکرٹری خارجہ کی ملاقات کو ناکام بنانے میں پاکستانی ہائی کمیشن نے کردار ادا کیا اور انہوں نے کشمیری رہنماﺅں سے ملاقات کی۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان نے حریت رہنماﺅں سے ملاقات کرکے کھیل خراب کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے مثبت پیش قدمی کی گئی تھی اور وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے وزیراعظم نواز شریف کو تقریب حلف برداری میں مدعو کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کی تجویز دی گئی جس سے اتفاق کرتے ہوئے 25 اگست کو مذاکرات ہونا طے پائے تھے لیکن اس سے چار دن پہلے پاکستانی سفیر نے حریت رہنماﺅں سے ملاقات کی جس کی وجہ سے مذاکرات معطل کئے گئے۔ اخبارات کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں جو تقریر کی اس کے اثرات مستقبل میں پاک بھارت تعلقات پر کچھ زیادہ اچھے نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :