بھارت نے متاثرین سیلاب تک عالمی امداد نہ پہنچے دی تو ہزاروں خاندان قحط سالی کا شکار ہو سکتے ہیں، سید علی گیلانی،بھارتی حکومت اور میڈیا مصیبت کے وقت بھی کشمیریوں کے زخموں کی نمک پاشی میں مصروف ہے،غیر سرکاری تنظیموں کے عطیات ، امداد سے مختصر وقت کیلئے متاثرین کو راحت مل سکتی ہے، حریت رہنماء

جمعہ 26 ستمبر 2014 23:16

بھارت نے متاثرین سیلاب تک عالمی امداد نہ پہنچے دی تو ہزاروں خاندان ..

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر 2014ء) بزرگ کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ اگربھارت نے کشمیری سیلاب زدگان تک عالمی امداد نہیں پہنچنے دی تو ہزاروں خاندان قحط سالی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ سید علی گیلانی نے اپنی سرپرستی میں قائم فورم کے ایک اجلاس سے سرینگر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا مصیبت کے وقت میں بھی کشمیریوں کے زخموں کی نمک پاشی کرنے میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی ریلیف پر پابندی لگاکر اپنا مکروہ چہرہ اور فسطائی ذہنیت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ غیر سرکاری تنظیموں کے عطیات اور امداد سے ایک مختصر وقت کیلئے متاثرین کو راحت مل سکتی ہے لیکن سیلاب کی وجہ سے اس قدر تباہی ہوئی ہے جس پر عالمی امداد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ اگر بھارت متاثرین تک عالمی امداد پہنچنے کی راہ میں مسلسل رکاوٹ بنا رہا تو مقبوضہ علاقے کو ایک بدترین صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہزاروں خاندانوں کو قحط جیسی صورت حال درپیش ہو سکتی ہے۔

اجلاس میں سیلاب کے بعد کی صورتحال اور سیلاب زدگان کو ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور و خوص کیا گیا۔ ادھرمختلف وفود نے سید علی گیلانی سے ملاقاتیں کیں اور ان کی خیریت دریافت کی ۔سید علی گیلانی سے امرتسر پنجاب سے جتھیدار اوتار سنگھ کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی اور کشمیری قوم کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔پریس کلب کے صدر آنند ساہی نے بھی سید علی گیلانی سے ملاقات اور سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔اسی طرح بھوپال سے ایک این جی او اوردیگر وفود نے بھی ان سے ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :