پاکستان کا ملٹی ٹیوب میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ،60 کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے

جمعہ 26 ستمبر 2014 12:05

پاکستان کا ملٹی ٹیوب میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ،60 کلومیٹر تک مار ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر 2014ء) پاکستان نے ملٹی ٹیوب میزائل حتف 9 نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ، میزائل ساٹھ کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے کم فاصلے تک زمین سے زمین پر مار کرنے والے ملٹی ٹیوب حتف 9 نصر میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ ایٹمی صلاحیت کا حامل میزائل 60 کلومیٹر تک انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

میزائل تجربے میں چار میزائل ایک جدید ملٹی ٹیوب لانچر سے فائر کئے گئے ۔ برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکٹیکل اور آپرییشنل سطح پر تمام خطرات کے خلاف موثر ہتھار ثابت ہوگا۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر اے، ایس، ایف ، سی لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان، چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی ، اسٹرٹیجک فورسز کے سینئر افسران اور اسٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے اس کامیاب ٹیسٹ فائر کا مظاہرہ دیکھا ۔

(جاری ہے)

نَصر میزائل کے کامیاب فائر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو خطے میں امن کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیتوں کو سراہا جن کی بدولت تجربہ کامیاب رہا، انہوں نے پاکستان کے سٹریٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور مسلح افواج کی دفاع وطن کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے بھی سائنسدانوں اور انجینئرز کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

متعلقہ عنوان :