البانیہ مسیحیوں اور مسلمانوں کے باہمی اعتماد و محبت کی مثال ہے،پوپ فرانسس، کوئی بھی شخص خود کو ہتھیار اٹھا کر خدا کا ہرکارہ قرار نہیں دے سکتا،دعائیہ تقریب سے خطاب

اتوار 21 ستمبر 2014 23:07

البانیہ مسیحیوں اور مسلمانوں کے باہمی اعتماد و محبت کی مثال ہے،پوپ ..

تیرانہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21ستمبر۔2014ء)کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشواپوپ فرانسس نے کہاہے کہ البانیہ مسیحیوں اور مسلمانوں کے باہمی اعتماد و محبت کی مثال ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ نے دنیا بھر میں مذہب کے نام پر روا رکھے جانے والے تشدد کی مذمت کی ،پوپ نے تشدد کو مذہبی بنیاد پر جائز قرار دینے کو مسترد کیا۔

پوپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایک انتہا پسند گروہ مذہب کے نام پر دوسرے مذاہب کو برداشت نہیں کر رہا تو ایسے میں البانیہ کا معاشرہ انتہائی مثالی ہے جہاں مذہبی روادی اور بھائی چارے کی فضا موجود ہے۔ البانیہ کے دورے کے حوالے سے ویٹیکن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پوپ کے اضافی سکیورٹی نہیں رکھی جائے گی لیکن البانوی حکومت نے خاص انتظامات کر رکھے تھے۔

(جاری ہے)

پوپ کی اوپن ایئر خصوصی موٹر گاڑی کو دارالحکومت تیرانا کی مرکزی بلیوارڈ پرایک مرتبہ بھی نہیں روکا گیا۔ سڑک کے دونوں جانب عوام کا بڑا ہجوم کھڑا تھا۔ دعائیہ تقریب میں پہنچنے پر پوپ نے گاڑی سے اترتے ہوئے قریب کھڑے چند بچوں کو دست شفقت سے نوازا۔ مرکزی بلیوارڈ کے دونوں جانب باوردی پولیس اہلکار ایک زنجیر کی طرح لوگوں کے آگے کھڑے تھے۔ پوپ نے دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ البانیہ میں کیتھولک، مسیحیوں اور مسلمانوں کے درمیان پایا جانے والا باہمی اعتماد و محبت اِس ملک کے لیے بیش قیمت تحفہ ہے۔ پوپ فرانسس نے البانوی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص خود کو ہتھیار اٹھا کر خدا کا ہرکارہ قرار نہیں دے سکتا۔