کراچی ‘ فائرنگ کے دومختلف واقعات میں 5افرادجاں بحق،حسین آباد میں واقع ایک ہوٹل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق‘ ایک شدید زخمی ہوگیا

اتوار 21 ستمبر 2014 14:43

کراچی ‘ فائرنگ کے دومختلف واقعات میں 5افرادجاں بحق،حسین آباد میں واقع ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔ 21ستمبر۔ 2014ء) شہرقائدمیں دہشت گردی کا تسلسل جاری اتوارکوفائرنگ کے دومختلف واقعات میں 5افرادجاں بحق ہوگئے ۔کراچی کے علاقے کریم آباد میں فائرنگ کے واقعے میں عمران اورنویدنامی دوافرادجبکہ کراچی کے علاقے حسین آباد میں ہوٹل پر ناشتہ کے لئے موجود افرادپر فائرنگ کے واقعے میں تین افراد جان بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے حسین آباد میں میمن میڈیکل سینٹر کے قریب واقع ایک ہوٹل کے باہر 4 افراد ناشتے میں مصروف تھے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ناشتے میں مشغول چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں طبی عملے نے 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ چوتھے زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مرنے والے تینوں افرادآپس میں دوست تھے جن کی شناخت عمران،نویداورساجد کے ناموں سے ہوئی ہے۔جاں بحق افرادکا تعلق میمن کمیونٹی سے تھا۔پولیس کے مطابق تینوں افرادشادی شدہ تھے۔عمران ایک بچی کا باپ جبکہ نویدکی حال ہی میں شادی ہوئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل پرلوگ ناشتے میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر نامعلوم افراد ہوٹل کے باہر آکر رکے ۔

ویٹر نے شک گزرنے پر ان سے باز پرس کی تو انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے کئی افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ دہشتگرد فائرنگ کے بعد جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قاتل انتہائی تربیت یافتہ دکھائی دیتے تھے اور انہوں نے مقتولین کے سروں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور خون کے نمونوں سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرکے ہوٹل مالک اور وہاں موجود دیگر افراد کے بیان لے لئے ہیں۔

پولیس نے بیانات کی روشنی میں نامعلوم افراد کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ دکھائی دیتا ہے کیونکہ قاتلوں نے مرنے والوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی تاہم حتمی بیان تفتیش کے بعد ہی دیا جاسکتا ہے۔کراچی کے علاقے کریم آباد میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں دوافرادجاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سوارافرادنے دوافرادپراندھادھندفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں افرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے-دونوں آپس میں گہرے دوست تھے ۔جاں بحق ہونے والے افرادکی لاشوں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :