Live Updates

عوام جاگ چکے سب سمجھ آ گئی ہے کونسا سرکاری ملازم ، وکیل یا صحافی کس طرف ہے اتوار کو کراچی جا رہا ہوں، عمران خان

بدھ 17 ستمبر 2014 23:18

عوام جاگ چکے سب سمجھ آ گئی ہے کونسا سرکاری ملازم ، وکیل یا صحافی کس طرف ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے عوام جاگ چکے ہیں، سب سمجھ آ گئی ہے کونسا سرکاری ملازم ، وکیل یا صحافی کس طرف ہے اتوار کو کراچی جا رہا ہوں، جمعہ کو دھرنے میں عوام کا سیلاب آئیگا  نواز شریف کا استعفیٰ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے  مطالبات کی منظور تک یہیں موجود رہیں گے عدالتی فیصلے کے بعد پولیس کسی کو گرفتار کریگی تو جرم ہوگا ۔

بدھ کو ڈی چوک میں جاری آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور عوام نے بھی ظلم کی زنجیر توڑ دی ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ ہم یہاں سے چلے جائیں گے،عوام چلے بھی جائیں تو یہیں رہوں گا اور استعفے تک کنٹینر میں رہوں گا، جب تک زندہ ہوں اس مشن کو جاری رکھوں گا۔

(جاری ہے)

ہمیں پولیس تشدد سے خوف زدہ نہیں کیا جا سکتا، ہمارے پانچ ہزار کارکنوں کو جیل میں نظر بند رکھا گیا ہے، ان پر کوئی مقدمہ نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کے احکامات کے خلاف فیصلہ دیا ہے، سچ کی فتح ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ نواز شریف اپنی دولت بچانے کیلئے کرسی نہیں چھوڑیں گے کیونکہ وہ سوچتے ہیں کہ اگر میں چلا گیا تو میرے لوٹے ہوئے پیسے کا کیا بنے گا؟ عمران خان نے کہاکہ جمعہ کے روز یہاں عوام کا سمندر ہو گااور ہم سب یہاں اپنے بجلی کے بل جلائیں گے، لوگ میرے لئے نہیں اپنے حقوق لینے اور اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے نکلیں گیاور نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کریں گے۔

ہمارا یہ حق ہے کہ ہم حکومت سے سوال کریں کہ بجلی کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ کس وجہ سے کیا گیا؟چیئرمین تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا بیٹاسات ارب روپے کا پاور پلانٹ لگانے جا رہا ہے، گزشتہ پانچ سالوں میں پنجاب میں 20 ہزار جرائم ہوئے اور ریپ کے کیسوں میں 80 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔ سینیٹر نعیمہ نے پارلیمنٹ میں دھاندلی پر ہمارے موقف کی تائید کر دی ہے ، ویسے تو پارلیمنٹ میں تقاریر میں سب نے کہا کہ دھاندلی ہو ئی ہے مگر نواز شریف کے استعفے پر تیار نہیں ہیں، کیونکہ ان کو ڈر ہے کہ سب کی دوکانداری بند ہو جائے گی، لیکن میں یہ چاہتا ہوں کہ یہ سی طرح ملے رہیں تاکہ پاکستانی ان سب کو پہچان جائیں۔

کپتان نے کہا کہ حکمرانوں نے پولیس کا محکمہ تباہ کر دیا ہے،ان کو وی آئی پی پروٹوکول کی ڈیوٹیاں دے دی گئی ہیں اور سیاسی کارکنوں پر تشدد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے،مجھے نواز شریف اور گلوبٹ آئی جی پر بہت غصہ ہے،ان سب کا احتساب کریں گے اور ان کو جیل میں بھیجیں گے۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ کراچی والے تیار ہو جائیں، اتوارکے روز کراچی جا رہا ہوں، وہاں احتجاجی جلسے خطاب کر کے کراچی کے بہادر کارکنوں کا شکریہ ادا کروں گا اور پھر واپس آ کر رات کو دھرنے میں بھی شرکت کروں گا۔

انہوں نے ایک بارپھر سرکاری ملازمین، پولیس اور سول سوسائٹی سے بھی درخواست کی کہ وہ اس حکومت کے خلاف باہر آئیں اور آزادی مارچ کا ساتھ دیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وہ اس ظلم کے نظام کے خلاف باہر نکلیں ہیں اور اب واپس نہیں جائیں ، تمام چوروں کا احتساب ہو گا اور نواز شریف اور ان کے گلوبٹوں کو جیل میں ڈالیں گے، پولیس کا مقابلہ کریں گے اور طاہر عالم کو کٹہرے میں لائیں گے انہوں نے کہا کہ ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں اور کسی صورت نواز شریف کا استعفیٰ لئے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

عمران خان نے کہاکہ کارکنوں کے حوصلے بلند ہی پولیس ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی جب خوف کی زنجیریں ٹوٹ گئیں حقیقی آزادی مل جائے گی۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لوگ وی آئی پی کلچر کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے کاروبار ملک سے باہر ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں اگر دھرنے میں ڈیڑھ ہزار افراد آتے ہیں تو حکومت نے تیس ہزار پولیس اہلکار کیوں تعینات کر رکھے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :