Live Updates

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مقدمات ختم کرنے کے احکامات جاری کردئیے

بدھ 17 ستمبر 2014 11:33

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف دفعہ 144 کی خلاف ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17ستمبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف دفعہ 144 کے نفاذ کی خلاف ورزی پر (188) کے تحت درج مقدمات ختم کرنے کے احکامات جاری کردئیے‘ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ محمد انور خان کاسی نے ابتدائی سماعت کے بعد ریمارکس دئیے کہ دفعہ 188 کے تحت پولیس کو اختیارات حاصل نہیں تھے کہ وہ کارکنوں کو گرفتار کرے۔

بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں سرفراز احمد بنام سرکار کیس کی سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نیازاللہ خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کی اور اس کے بعد اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کرکے دفعہ 188 لگاکر ان کیخلاف مقدمات درج کئے اور ان کو جیل بھیج دیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد سے استفسار کیا کہ آرٹیکل 188 کے تحت کیا پولیس کارکنوں کو گرفتار کرسکتی ہے۔ کیا یہ پولیس کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ حکومتی وکیل نے جواب دیا کہ پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار کئے گئے تمام کارکنوں کو عدالت رہا کرنے کے احکامات جاری کرچکی ہے۔

۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے مطابق پولیس کو اختیارات حاصل نہیں ہیں کہ وہ کارکنوں کو گرفتار کرے۔ انہوں نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی عدالت میں پیش کی۔ چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کہا کہ دفعہ 144 کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہے لیکن عدالت صرف 188 کے تحت درج کئے گئے مقدمات کا فیصلہ کرے گی۔

حکومتی وکیل کی جانب سے کسی بھی قسم کے دلائل نہ دئیے جاسکے اور نہ ہی مخالفت کی گئی۔

عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں کیخلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں دفعہ 188 کے تحت درج مقدمات ختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس نمٹادیا۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے راہنماء اور درخواست گزار کے وکیل نیازاللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کیخلاف غیرقانونی طور پر درج کئے گئے مقدمات ختم کردئیے ہیں۔

پاکستان میں آج بھی آزاد عدلیہ موجود ہے۔ پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور پی ٹی آئی کے وکلاء بھی آئین و قانون کی جنگ لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں جتنی بھی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں عدالت نے وہ تمام ختم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے کے بعد پی ٹی آئی کو انصاف ملا ہے جس سے عدالت کا وقار بلند ہوا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات