مارچ روکنے کیلئے آئی بی کو خفیہ فنڈز دیئے گئے:طاہر القادری، کرنسی نوٹوں پر ’گو نواز گو‘ تحریر کرنے کی تحریک کا آغاز کر دیا

اتوار 14 ستمبر 2014 21:12

مارچ روکنے کیلئے آئی بی کو خفیہ فنڈز دیئے گئے:طاہر القادری، کرنسی نوٹوں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں جعلی جمہوریت اور غیر آئینی حکومت ہے، ہم اس کو تسلیم نہیں کرتے ہیں، یہ دھرنے اس حکومت کے خاتمے تک جاری رہنے چاہیئں،احتجاج صرف اپنے لئے نہیں ہے بلکہ پورے ملک کے لئے ہے، عوام کو حقوق دلوا کر رہیں گے۔

انقلاب مارچ کے جاری دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں جہاں بھی جائیں کوئی نہ کوئی مافیا بیٹھا ہوا ہے، ملک میں اقتدار کی باریاں لگی ہوئی ہیں، اس پر امن احتجاج کو روکنے کے اربوںروپے خرچ کر دیئے گئے، انقلاب مارچ سے صرف دو دن قبل آئی بی کو خفیہ طور پر پونے تین ارب روپے جاری کئے گئے، حالانکہ اس محکمے کا اصل بجٹ چند کروڑ روپے ہے جو صرف ۴۲ دنوں میں ہی ختم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کے مقابلے میں حکمرانوں کی عیاشیوں کو ترجیح دی جاتی ہے، ملک میں عوام کو کوئی آئینی تحفظ حاصل نہیں ہے، فیصل آباد میں غریب کی بیٹی کے ساتھ ن لیگی ایم این اے کے بیٹوں نے زیادتی کر ڈالی اور اس پر زبردستی کر کے ایف آئی آر تک واپس لے لی گئی، اس ظلم کا حساب کون لے گا؟ خطاب کے دوران طاہر لقادری نے کارکنوں کو بھوک ہڑتال کی اجازت بھی دیدی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ملز کے لئے دریائے چناب پر خصوصی پل بنایا گیالیکن عوام کے لئے آنے والے سیلاب کو روکنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، شریف برادران کی شوگر ملز کو بچانے کے لئے غریبوں کی بستیاں سیلاب کی نذر کر دی گئیں، عوام کوئی کرنسی نوٹ نہ چھوڑیں ہر ایک پر ’گو نواز گو‘ کے نعرے کو تحریر کر دیں، اس موقع پر طاہر لقادری نے پچاس روپے کے نوٹ پر ’گو نواز گو‘ لکھ کر اس تحریک کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :