اسلام آباد: اعظم سواتی سمیت متعدد کارکن ضمانت پر رہا

اتوار 14 ستمبر 2014 19:36

اسلام آباد: اعظم سواتی سمیت متعدد کارکن ضمانت پر رہا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14ستمبر۔2014ء) اسلام آباد میں تحریک انصاف کے رہنماء اعظم سواتی، سید علی رضا اور شبلی فراز کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار ڈی جے بٹ سمیت 300 افراد کو بھی عدالتی حکم پر رہائی مل گئی۔ اڈیالہ جیل سے کل مزید 550 افراد کو رہا کیا جائے گا۔تحریک انصاف کے رہنماؤں سینیٹر اعظم سواتی، شبلی فراز اور سید علی رضا کو سخت سیکورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔

عدالت نے تینوں کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

(جاری ہے)

رہائی ملنے کے بعد اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی حربوں سے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم کے استعفے تک تحریک جاری رہے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کارکنوں کی اڈیالہ جیل سے رہائی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ دھرنے میں موسیقی سے شرکاء کا لہو گرمانے والے ڈی جے بٹ سمیت 300 سے زائد افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ دھرنا ختم ہونے سے پہلے واپس نہیں جائیں گے۔ ادھر لاہور سے گرفتار تحریک انصاف کے 52 کارکنوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔