وزیرستان آپریشن پر امریکہ میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ آپریشن کے تمام اخراجات امریکہ برداشت کرے گا،پروفیسر ابراہیم

جمعہ 12 ستمبر 2014 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12ستمبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ وزیرستان آپریشن پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ آپریشن کے تمام اخراجات امریکہ برداشت کرے گا۔ حکمران غلط کہتے ہیں کہ یہ ہماری جنگ ہے۔ اگر اخراجات امریکہ برداشت کررہا ہے تو یہ جنگ امریکہ کی جنگ ہے ہماری نہیں۔ مسلمان امریکہ کے لئے مسلمان کا خون بہا رہا ہے۔

شمالی وزیرستان کے جتنے علاقے کلیئر قرار دئے گئے ہیں ان میں وہاں کے لوگوں کو باعزت طریقے سے واپس بھیجا جائے۔ امت مسلمہ کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے اقتدار و اختیار اور حاکمیت و خلافت کا وعدہ کیاہے جو ایمان ، عمل صالح ، اللہ کی عبادت اور شرک سے اجتناب کے ساتھ مشروط ہے۔ مسلمان حکمران اللہ کی بجائے یہود نصاریٰ کے تابعدار بنے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد حدیقة العلوم المرکز اسلامی پشاور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ امت دنیا کے اقتدار سے اس لئے بے دخل ہے کہ وہ شرائط پر پوری نہیں اتری۔ اسلام کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٴٹ مسلمان حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام اللہ کے قانون کی بجائے یہود ونصاریٰ کے بنائے ہوئے قوانین کے مطابق چلایاجارہا ہے۔ یہی ہماری ذلت و رسوائی کا باعث ہے۔ اللہ ضرور اپنا وعدہ پورا کرے گا کہ دنیا کا اقتدار و اختیار مسلمانوں کے سپرد کردے۔ بشرطیکہ مسلمان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے تابعدار بن جائیں۔

متعلقہ عنوان :