داعش کے خلاف وسیع البنیاد اتحاد،امریکی وزیرخارجہ سعودی عرب پہنچ گئے، جان کیری کے دورے کا مقصدداعش کے خلاف کاروائیاں موثر اور تیز کرنا ہے،امریکی محکمہ خارجہ

جمعرات 11 ستمبر 2014 20:37

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں عرب ممالک کی حمایت کے حصول اور دولت اسلامیہ کے خلاف وسیع البنیاد اتحاد بنانے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی حکام کے مطابق جان کیری جدہ میں عرب رہنماوٴں سے ملاقاتوں میں دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائی میں تعاون حاصل کرنے کے لیے بات چیت کریں گے۔

قبل ازیں امریکی صدر براک اوباما نے سنّی شدت پسند گروہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف حکمتِ عملی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ، عراق کے ساتھ ساتھ شام میں بھی دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی سے نہیں ہچکچائے گا۔کیری سعودی عرب اور تیل کے ذخائر سے مالامال دیگر عرب ممالک سمیت مصر، اردن، عراق، لبنان اور ترکی کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

امریکی وزارتِ خارجہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جان کیری کے دورے کا مقصد دولت اسلامیہ کے خلاف اتحاد وسیع کرنے اور شدت پسند تنظیم کے خلاف کاروائیاں موثر اور تیز کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق جان کیری عرب رہنماوٴں کے ساتھ ملاقاتوں میں شامی صدر بشار الاسد کے خلاف برسرِپیکار باغیوں کو سعودی عرب میں تربیت دینے اور دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائیوں کے لیے خلیجی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرنے کے امور پر اہم بات چیت کریں گے۔