سرکاری ملازمین کی کام چوری ،حرام خوری ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ،پرویزخٹک، بحیثیت مسلمان صفائی ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے ، ماضی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہمارے شہروں کی گندگی میں اضافہ ہوتا رہا،پشاور کی ترقی اور خوبصورتی کے علاوہ آبنوشی، نکاس، سٹریٹ لائٹ اور حفظا ن صحت سمیت بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 11 ستمبر 2014 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت سرکاری ملازمین کی محنت اور ٹیلنٹ کی قدر کرے گی اور زیادہ کام کا صلہ بھی اتنا ہی زیادہ دیا جائے گا تاہم کام چوری اور حرام خوری ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی پشاور کی ترقی اور خوبصورتی کے علاوہ آبنوشی، نکاس، سٹریٹ لائٹ اور حفظا ن صحت سمیت بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ اسکی تاریخی عظمت رفتہ کو جلد ازجلد بحال کیا جا سکے انہوں نے امید ظاہر کی کہ میونسپل ملازمین اس ضمن میں بھر پور کردار ادا کریں گے جس کے بدلے انہیں بہتر تنخواہیں اور سہولیات دی جائیں گی جس کا معیار شہریوں کا اطمینان ہو گا جس دن شہری میونسپل سہولیات سے مطمئن ہو گئے تو ہم اسے حکومت اور بلدیہ کی کامیابی سمجھیں گے وہ پشاور شہر کی میونسپل سہولیات نجی کمپنی کے حوالے کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس سے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله، سیکرٹری بلدیات حفظ الرحمن اور پشاور میونسپل سروسز (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگز یکٹیو انجینئر محمد نعیم نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں پشاور ترقیاتی ادارہ ، میونسپل کارپوریشن اور محکمہ بلدیات کے افسران و ملازمین کے علاوہ سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزراء ضیاء الله آفریدی،ملک قاسم خٹک، ارکان صوبائی اسمبلی،یو ایس ایڈ، عالمی بینک، افغانستان اور ایران کے سفارتی نمائندوں اورمقامی صنعتکار و تاجر برادری نے بھی شرکت کی وزیر اعلیٰ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تین ہزار میونسپل ملازمین کے باوجود شہر میں گندگی اور آبنوشی کے مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لیتے تھے جس کی بنیادی وجہ نگرانی کا ناقص نظام تھا اور اب نجی کمپنی کی بدولت یہ خامیاں دور کرکے نئے عزم اور ولولے کے ساتھ شہری خدمت کا یہ عظیم کام آگے بڑھایا جائے گا جو شہری اطمینان کے علاوہ الله تعالیٰ کی خوشنودی کا باعث بنے گا انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان صفائی ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے مگر ماضی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے دیگر خرابیوں کے علاوہ ہ ہمارے شہروں کی گندگی میں بھی اضافہ ہوتا رہاانہوں نے کہا کہ مجھے بھی اس بات پر تکلیف کے علاوہ شرم محسوس ہوتی ہے کیونکہ میں جب شہر سے گزرتا ہوں تو سڑکوں اور گلی کوچوں میں ہر جگہ گندگی نظر آتی ہے حالانکہ میونسپل خدمات پر بھی عوام کے اربوں روپے خرچ ہوتے رہے ہیں مگر نتائج کچھ نہیں نکلتے جو بہت بڑا المیہ ہے تاہم ہمارے اقدامات کی بدولت اب عوام کو تبدیلی اور بہتری نظر آئے گی اگر چہ ماضی میں پشاور شہر کے ہزاروں میونسپل ورکرز شہر کی گندگی کو صاف نہیں کرسکے مگر اب میں اُمید کرتا ہوں کہ نجی کمپنی شہر میں آبنوشی اور صفائی کا کام بطریق احسن ادا کرے گی انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ شہر کے کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگایا جائے گااور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ کمپنی نے اس کوڑا کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ شہر بھر کی آبنوشی اور صفائی کا نظام بہتر بنانے کے علاوہ سٹریٹ لائٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ بجلی کی بچت کے علاوہ لوڈ شیڈنگ کے مضمرات سے بھی بچا جا سکے وزیر اعلیٰ نے میونسپل سہولیات کی بہتری کے ضمن میں یو ایس ایڈ اور عالمی بینک کے مالی تعاون کا شکریہ ادا کیا انہوں نے نجی کمپنی سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی پر میونسپل ملازمین کے کردار کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ انکے مفادات کا ہر لحاظ سے تحفظ یقینی بنایا جائے گا کیونکہ صوبائی حکومت کم تنخواہ دار ملازمین کی اجرت اور حالات کا ر بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ پشاور میں میونسپل سہولیات کی نجکاری نقطہ آغاز ہے اور کامیابی کی صورت میں اسے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی پرویز خٹک نے شہر میں نکاس کی صورتحال بہتر بنانے کے علاوہ مختلف مقامات پرکروڑوں روپے کی لاگت سے بنائے گئے ٹرٹیمنٹ پلانٹس کو بھی فعال بنانے کی ضرورت پر زوردیا انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں کرپشن کیلئے زیر و ٹالرنس ہے اور ہم سرکاری مشینری کو فعال بنا کر نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کو کرپشن فری بنا کر نئے پاکستان کی داغ بیل ڈالنا چاہتے ہیں ہم ایسے ملازمین برداشت نہیں کریں گے جو کام چوری کی وجہ سے قومی خزانے کیلئے سفید ہاتھی بنیں اور کرپشن کرکے دیگر فرض شناس سرکاری ملازمین کی رسوائی کا باعث بھی بنیں کیونکہ ایک مچھلی پورے تالاب کو گندا کردیتی ہے وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے بھی گلی کوچوں اور بازاروں کی صفائی اور دیگر میونسپل خدمات کی بہتری کیلئے بلدیہ اور نجی کمپنی سے تعاون کی اپیل کی قبل ازیں وزیر اعلیٰ کی موجودگی میں میونسپل خدمات نجی کمپنی کے حوالے کرنے کا معاہدہ ہواجس پر کمپنی کے علاوہ میونسپل کارپوریشن، پی ڈی اے اور محکمہ بلدیات کے حکام نے دستخط کئے۔

متعلقہ عنوان :