کراچی، شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور خاتون سمیت5افراد کو قتل کردیا گیا

جمعرات 11 ستمبر 2014 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور خاتون سمیت5افراد کو قتل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود سیکٹر ساڑھے 11رحمت چوک میں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 56سالہ سید علی حیدر نقوی ولد سید حسین نذر کو قتل کردیا ۔مقتول سبزی فروش اور اورنگی ٹاوٴن گلزار کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔

پولیس واقعہ کو فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے ۔پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن غازی آباد میں ایم کیو ایم کے اقلیتی امور کے سیکٹر ممبر 30سالہ اکرم مسیح ولد بلال مسیح کو گولیاں مارکر قتل کردیا گیا ۔مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا ۔بغدادی تھانے کی حدود سلاٹر ہاوٴس لیاری کچرا کنڈی کے قریب 25سالہ نوجوان کی تشدد زدہ گولیاں لگی لاش ملی ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتول کو اغواء کے بعد بہیمانہ تشدد کے بعد گولیاں مارکر قتل کیا گیا ۔بعد ازاں ملزمان لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے ۔تاہم تاحال نوجوان کی شناخت نہ ہوسکی ۔ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کا ایدھی سردخانے روانہ کردیا گیا ۔ڈاکس تھانے کی حدود نیٹی جیٹی پل کے قریب سمندر سے خاتون کی تشدد زدہ گولیاں لاش ملی ۔تاہم خاتون تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔

خاتون کی لاش کو بھی ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا ۔ادھر عوامی کالونی تھانے کی حدود لانڈھی شیرآباد سیکٹر 36-Bجے ون ایریا میں امام بارگاہ کے قریب گھر میں معاشی تنگی کی وجہ سے تلخ کلامی کے بعد اقبال نے خنجر کے وار کرکے اپنی اہلیہ 24سالہ رانی کو قتل کردیا ۔مقتولہ چار بچوں کی ماں تھی ۔تاہم پولیس نے شوہر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔