بابائے قوم ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 66واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، گورنر سندھ ،وزیر اعلیٰ سندھ ،صوبائی کابینہ ،تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار پر حاضری دی

جمعرات 11 ستمبر 2014 19:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) بابائے قوم ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 66واں یوم وفات انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔مزار قائد اعظم محمد علی جناح پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،صوبائی کابینہ کے ارکان ،تینوں مسلح افواج کے نمائندوں ،کمشنر کراچی ،ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت اعلیٰ حکام نے حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے مزار پر موجود مہمانوں کی کتاب پر تاثرات درج کیے اور بانی پاکستان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس دن کی مناسبت سے شہر کی چھوٹی بڑی مساجد میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں مختلف تنظیموں کی طرف سے بھی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں مقررین نے قائد اعظم محمد علی جناح کی پاکستان کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد اور قائدانہ کردار پرروشنی ڈالی جبکہ اس موقع پر قائد کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔

بابائے قوم 25دسمبر 1876ء کو پیداہوئے اور 11ستمبر 1948ء کواپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔بانی پاکستان کے یوم وفات پرالیکٹرانک میڈیانے خصوصی پروگرامات نشر کئے جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خصوصی مضامین کی اشاعت کی ۔