خیبر پختونخوا چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی این ایل سی امان گڑھ ڈرائی پورٹ کو ایکسپورٹ ‘ گاڑیوں اور امپورٹ اورینٹڈ ڈرائی پورٹ ڈکلیئر کرنے کی تجویز

جمعرات 11 ستمبر 2014 17:15

پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء)خیبر پختونخوا چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری نے این ایل سی امان گڑھ ڈرائی پورٹ کو ایکسپورٹ ‘ گاڑیوں اور امپورٹ اورینٹڈ ڈرائی پورٹ ڈکلیئر کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور کہا ہے کہ نیشنل لاجسٹک سیل اس حوالے سے وزارت تجارت سے نوٹیفیکیشن ایشو کروائے جبکہ این ایل سی کے لیفٹیننٹ کرنل محمد جہانگیر نے کہا ہے کہ این ایل سی نے نیٹو ایساف کنٹینرز سکینڈل سے متعلق کلیئرنس رپورٹ نیب کے حوالے کردی ہے ۔

این ایل سی امان گڑھ ڈرائی پورٹ پر مال کی کلیئرنس کرانے پر فریٹ کی مد میں 10فیصدرعایت اور ڈیمریج میں ریلیف دینے کے لئے تیار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری کی زیر صدارت اہم اجلاس چیمبر ہاؤس میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں این ایل سی کے لیفٹیننٹ کرنل محمد جہانگیر ‘ این ایل سی کے اسسٹنٹ مینجر مارکیٹنگ منہاج اکرام ‘ چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد شفیق ‘ ایگزیکٹو ممبران فواد اسحق ‘ عابد اللہ ‘ محمد آصف خان ‘ سعد خان ‘ شجاع محمد اور فیض محمدفیضی ‘صدر گل ‘ نعمان الحق ‘ امتیاز احمد علی اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلقہ کاروباری افراد بھی موجود تھے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو ایساف کنٹینرز سکینڈل میں این ایل سی کے کردار سے متعلق بزنس کمیونٹی کے تحفظات ہیں اور وہ چاہتی ہے کہ این ایل سی اپنے طور پر نیب سے معاملات طے کرے کیونکہ اس وجہ سے صوبے کی بزنس کمیونٹی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ایل سی امان گڑھ ڈرائی پورٹ پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے علاوہ امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو سہولیات فراہم کرے تو کاروباری افراد یقینا این ایل سی کے ساتھ کاروبار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی عدم فعالیت کی وجہ سے صوبے کی امپورٹ اور ایکسپورٹ کا عمل متاثر ہوا ہے اور اگر این ایل سی اس حوالے سے موثر اور بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے اقدامات اٹھائے تو صوبے کی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امان گڑھ ڈرائی پورٹ کو کمرشل بنیادوں پر چلایا جائے ۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد جہانگیر نے اجلاس کو بتایا کہ این ایل سی کے لیفٹیننٹ کرنل محمد جہانگیر نے کہا ہے کہ این ایل سی نے نیٹو ایساف کنٹینرز سکینڈل سے متعلق کلیئرنس رپورٹ نیب کے حوالے کردی ہے اور امید ہے کہ اس رپورٹ سے کنٹینرز سکینڈل سے متاثرہ بارڈر کسٹمز ایجنٹس کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ این ایل سی پختونخوا کی بزنس کمیونٹی کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ امان گڑھ ڈرائی پورٹ پر امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ این ایل سی کے اسسٹنٹ منیجر مارکیٹنگ منہا ج اکرام نے بتایا کہ این ایل سی امان گڑھ ڈرائی پورٹ پر ون ونڈو سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس سے کاروباری افراد کو ایک ہی جگہ تمام تر سہولیات مہیا ہوں گی۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر کی جانب سے امان گڑھ ڈرائی پورٹ کو ایکسپورٹ اور امپورٹ اورینٹیڈ ڈرائی پورٹ ڈکلیئر کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا اور یقین دلایا کہ این ایل سی اس حوالے سے اقدامات اٹھائے گی۔